چاہتے ہیں فیٹف غیر جانبدار رہے ، ابھی جشن منانا قبل از وقت ہے ، حنا ربانی کھر

Written by on June 18, 2022

 وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ ابھی فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل شروع ہوا ہے ،  ہم چاہتے ہیں کہ فیٹف غیر جانبدار رہے ، ابھی جشن منانا قبل از وقت ہے ۔ 

 اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خارجہ امور  حنا ربانی کھر  نے کہا کہ گرے لسٹ سے  پاکستان کو نکالنا بہت مشکل کام تھا ، پاکستان نے دہشتگرد کارروائیوں میں مالی معاونت کو روکا ، مشکل وقت میں ہم نے ایک قوم بن کر کام کیا ، امید ہے کہ پاکستان ہمیشہ کیلئے  فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔

 وزیر مملکت نے کہا کہ فیٹف نے اپنے اجلاس میں  پاکستانی اقدامات کا جائزہ لیا ، پاکستان کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے  کی کوششوں کو تسلیم کیا گیا ،  فیٹف کی ٹیم جلد پاکستان آئے گی  ، یہ اختتام نہیں آغاز ہے ، ہم اپنی کوششوں میں  کمی نہیں کریں گے ، اس میں شک نہیں کہ فیٹف کی شرائط مشکل تھیں ، امید ہے کہ گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل مکمل ہو جائے گا ، گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے ، ایف اے ٹی ایف نے بیک وقت دو ایکشن پلان دیے ۔

ایک صحافی نے سوال پوچھا کہ کیا آپ سابق حکومت کو کریڈٹ دیتی ہیں  جس پر حنا ربانی کھر نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں مگر ریاست نے جو کام کیا وہ قابل تعریف ہے ، پہلے ایکشن پلان کی تکمیل میں وقت لگا مگر دوسرے ایکشن پلان کو جلد مکمل کیا گیا ،  اب پاکستان کے ذمہ کوئی اقدامات زیر التواء نہیں ، ایک ملک ہمیشہ اس عمل کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش ہوتا ہے  مگر ہم کوئی منفی بات نہیں کریں گے ۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے تمام اداروں نے اور سیاسی جماعتوں نے بہترین کوشش کی ۔ 


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist