حمزہ شہبازاور شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں توسیع کا تفصیلی فیصلہ جاری

Written by on June 14, 2022

 لاہورسپیشل کورٹ سنٹرل نے  وزیراعظم  شہباز شریف اور  وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف  منی لانڈرنگ کیس میں ضمانتوں کی توثیق کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ 

نجی ٹی وی  نیوز کے مطابق22  صفحات پر مشتمل تحریری  فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر ضمانت کے غلط استعمال کا الزام نہیں، 2 ،3 پیشیوں کے سوا شہباز شریف مسلسل پیش ہوتے رہے ہیں، تفتیش مکمل اور چالان جمع ہے،  اس لیے گرفتاری سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ 

فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ مقدمے میں 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام اور چالان میں 16 ارب روپے کا ذکر ہے، مشتاق چینی والا کےخفیہ لیجر  ریکارڈ کو تفتیش کا حصہ ہی نہیں بنایا گیا، مرکزی ملزمان کی ضمانت کے بعد شریک ملزمان کو گرفتار کرنے سے مقصد پورا نہیں ہو گا، اس لیے ان کی ضمانت کی بھی توثیق کی جاتی ہے، تحریری فیصلے میں دی گئی آبزرویشنز سطحی نوعیت کی ہیں جن کا ٹرائل  پر  اثر  نہیں ہوگا۔

فیصلے کے مطابق 16 ارب کے مقابلے میں صرف 6 کروڑ 70 لاکھ روپے اکاؤنٹس میں جمع ہونے کا ذکر ہے، پیسے جمع کرانے والے  64  افراد میں کسی نے شہباز شریف اور حمزہ کا نام نہیں لیا جب کہ  ان کے بیانات میں رشوت اور کک بیک کا بھی ذکرنہیں۔

  فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کیس میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور رشوت کے الزامات پر ابھی کوئی شہادت میسر نہیں، ان الزامات پر مزید تحقیقات کی ضرورت ہے، شہباز شریف اور حمزہ جیل میں ہی شامل تفتیش ہوگئے تھے، 18 دسمبر 2020 اور 8 جنوری 2021 کو ان سے دو بار ہ تفتیش ہوئی جس کے بعد ایف آئی اے 5 ماہ خاموش رہی، پراسیکیوشن یہ  ثابت نہیں کر سکی کہ اکاؤنٹس حمزہ شہباز کے کہنے پر کھولے گئے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی  تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے ) نیب کیسز میں رہائی کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو دوبارہ گرفتار کرنا چاہتی تھی جس سے بدنیتی ظاہر ہوتی ہے۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist