وزیر اعظم کی متحدہ عرب امارات کے نو منتخب صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات، سابق صدر کے انتقال پر تعزیت کی

Written by on May 16, 2022

 وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے نو منتخب صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی اور ان کے والد ، سابق صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت کی ۔

وزیر اعظم پاکستان گزشتہ روز متحدہ عرب امارات پہنچے تھے جہاں انہوں نے آج متحدہ عرب امارات کے نو منتخب صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی ،  ملاقات میں شاہی خاندان کے افراد بھی موجود تھے، وزیر اعظم پاکستان نے سابق صدر متحدہ عرب امارات کے انتقال پر  پاکستانی قوم کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا  اور مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ۔

 وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  شیخ خلیفہ کے انتقال سے پاکستان ایک مخلص دوست اور قابل اعتماد ساتھی سے محروم ہو گیا،  انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی گرانقدر خدمات کو سراہا جس کے لیے انہیں پاکستانی عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ شیخ محمد بن زید النہیان نے دکھ کی گھڑی میں اظہار یکجہتی پر وزیراعظم  پاکستان  ،  پاکستان کی قیادت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے  شیخ محمد بن زید النہیان کو متحدہ عرب امارات کے نئے صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا،  انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نو منتخب صدر آنے والے سالوں میں متحدہ عرب امارات کو ترقی  کی نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو تمام جہتوں میں مزید وسیع کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist