پاکستان نے نام نہاد بھارتی حد بندی کمیشن کی کشمیر سے متعلق رپورٹ مسترد کردی

Written by on May 6, 2022

پاکستان نے بھارت کی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے نام نہادحد بندی کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کردیاہے ۔

نجی ٹی وی نیوز کے مطابق پاکستان میں تعینات بھارت کے ناظم الامورکو وزارت خارجہ میں بلایا گیا اورحکومت پاکستان کی طرف سے نام نہادحد بندی کمیشن کی رپورٹ کو واضح طور پر مسترد کرنے سے آگاہ کرکے ڈیمارش سونپا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی نظر میں ایسا کمیشن اور اسکی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کا مقصد غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو بے اختیار کرنا ہے۔

بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ یہ پوری مشق مضحکہ خیز ہے جسے مقبوضہ کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے پہلے ہی مسترد کر دیا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ رپورٹ بھارت کے 5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اقدامات کو جائز قرار دینے کی ایک مذموم سازش ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے ہندو آبادی کو غیر متناسب طور پر زیادہ انتخابی نمائندگی کی اجازت دینے کی کوئی بھی غیر قانونی، یکطرفہ اور شرارتی کوشش مسلم آبادی کو نقصان پہنچانے کے لیے جمہوریت، اخلاقیات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون سے متصادم ہے۔

اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بھارتی حکومت کو مقبوضہ علاقے میں کسی بھی غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیاں لانے سے گریز کرنا چاہیے اور مقبوضہ کشمیر میں اپنا جبر فوری طور پر بند کرنا چاہیے، اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا خود تعین کرنے دینا چاہیے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج ہے۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist