وزیر اعظم شہباز شریف کا سی پیک پر “پاکستان سپیڈ” سے کام کرنے کا اعلان

Written by on April 12, 2022

 نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت میں خارجی محاذ پر پاکستان کو  بے شمار ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا،  چین کے ساتھ دوستی کمزور کرنے کی کوشش کی گئی اور سعودی عرب کو دھمکی دی گئی،  ہم سی پیک کو پاکستان سپیڈ سے آگے بڑھائیں گے، امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات قائم کریں گے۔

قومی اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ چین پاکستان کا ہر دکھ اور سکھ کا ساتھی ہے، اس نے ہمیشہ پاکستان کو اپنا دوست سمجھا، یہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بستے ہیں، چین سے ہماری دوستی کوئی نہیں چھین سکتا، پچھلی حکومت نے اس دوستی کو کمزور کرنے کیلئے جو کچھ کیا وہ بہت تکلیف دہ ہے، ہمیں بہت افسوس ہے کہ ہماری حکومت نے ایسا کام کیا جس سے ہمارا دیرینہ دوست دور ہوگیا، چاہے کوئی کچھ بھی کرلے ، ہماری یہ دوستی قیامت تک قائم رہے گی، سی پیک کو “پاکستان سپیڈ” سے آگے بڑھائیں گے، ہم چینی صدر اور چینی قیادت کے انتہائی شکر گزار ہیں۔

خیال رہے کہ  شہباز شریف جس وقت وزیر اعلیٰ پنجاب تھے تو اس وقت چین کے تعاون سے پنجاب میں لگنے والے منصوبوں کی تیر رفتاری کے ساتھ تکمیل کے باعث اسے “پنجاب سپیڈ” کہا جاتا تھا، اب شہباز شریف چونکہ  وزیراعظم بن چکے ہیں اس لیے انہوں نے پنجاب سپیڈ کو پاکستان سپیڈ قرار دے دیا۔

سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا دیرینہ برادر ملک ہے، پاکستان نے ہندوستان کے پانچ دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکے کرکے ہندوستان کے دانت کھٹے کیے تو پاکستان پر پابندیاں لگ چکی تھیں، سعودی عرب نے ہمیں کہا کہ آپ فکر نہ کریں، آپ کی تیل کی ضروریات ہم پوری کریں گے، وہ ملک جہاں پر خانہ خدا اور روضہ رسول ﷺ ہے  اور اربوں لوگ دنیا بھر سے وہاں جاتے ہیں آپ اس ملک کو دھمکی دیتے ہیں؟ ہم سعودی عرب کی فراخدلانہ دوستی کو زندگی بھر نہیں بھولیں گے، ہم  ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی بات آئی  تو ترکی سب سے آگے تھا، ہم برطانیہ کے ساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں، وہاں لاکھوں پاکستانی بستے ہیں ، ہمارے  متحدہ عرب امارات، قطر  اور عمان سے بھی اچھے تعلقات ہیں، ہم امریکہ سے برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist