چوہدری شجاعت حسین کی مولانا فضل الرحمان کو منانے کی کوشش، پیشکش کردی

Written by on March 9, 2022

چوہدری شجاعت نے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کرکےانہیں منانے کی کوشش کی اورعدم اعتماد کے حوالے سے تعاون کی پیشکش کردی۔

 ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین جو طویل وقت کے بعد وفاقی دارالحکومت پہنچے ہیں انہوں نے منگل کے روز پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی ہے جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، یہ ملاقات پی ڈی ایم اور ق لیگ کے درمیان گلے شکوے دور کرنے کیلیے کی گئی۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ چوہدری شجاعت نے مولانا فضل الرحمٰن کو منانے کی کوشش کی اور عدم اعتماد کے حوالے سے انہیں اپنے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ  میں یہاں  آپ کو منانے اور گلے شکوے دور کرنے آیا ہوں۔ذرائع  کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی بڑی جماعتیں چوہدری برادران سے سخت ناراض ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ چوہدری برادران نے اپوزیشن لیڈر کی دعوت میں آخری وقت میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔ پی ڈی ایم اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے چوہدری برادران کو پنجاب کی وزارت دینے کی آفرپرنوازشریف کوآمادہ کیا تھا، لیکن چوہدری برادران نے ان کوششوں پر شہباز شریف کی دعوت میں شرکت نہ کرکے پانی پھیر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے چوہدری شجاعت کو ان کی پیشکش کے حوالے سے فوری طور پر کوئی جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ ان کی پیشکش پر دیگر جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ جب پی پی کا عوامی مارچ لاہور پہنچا تھا تو اس وقت بھی چوہدری برادران نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو ناشتے پر مدعو کیا تھا لیکن پی پی نے پی ڈی ایم کی ناراضگی کے ڈر سے ناشتے کی دعوت قبول نہیں کی تھی۔

واضح رہے  کہ متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مطلوبہ ممبران کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ چوہدری برادران کی جانب سے حسب توقع جواب نہ ملنے پر پی ڈی ایم نے حکومت کے اتحادیوں پر تکیہ کرنے کی بجائے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کی جانب رخ کرلیا ہے۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist