تحفظ کی ضمانت ملنے کے بعد یوکرین میں اقوام متحدہ کی انسانی بنیادوں پر کارروائیوں میں تیزی آگئی

Written by on March 1, 2022

اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار تحفظ کی ضمانت ملنے کے بعد یوکرین میں انسانی بنیادوں پر کارروائیاں تیز کرنے کی تیاری کررہے ہیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس کے چیف ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے مقامی سول سوسائٹی کی تنظیمیں اور رضاکار ہر ضرورت مند بشمول اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے، تشدد سے متاثر ہونے والے اور سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کو مدد فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھی ہمیں بتا رہے ہیں کہ یوکرین کے مختلف حصوں میں کئی روز سے جاری شدید جھڑپوں کے دوران شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، جس کے سنگین انسانی نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ سڑکوں کو پہنچنے والا نقصان اور عدم تحفظ نے مقامی سپلائی کے سلسلے اور خوراک اور دیگر بنیادی اشیا تک رسائی کو متاثر کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ پانچ لاکھ سے زیادہ لوگ بنیادی طور پر پولینڈ کی جانب پہلے ہی بین الاقوامی سرحدیں عبور کر چکے ہیں۔ کم از کم 1 لاکھ 60 ہزار لوگ اندرونی طور پر بے گھر ہوئے ہیں۔

ڈوجارک نے کہا کہ ہمارے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے ساتھی بھی خبردار کر رہے ہیں کہ بڑھتے ہوئے شدید تنازعے سے یوکرین اور پڑوسی ملکوں میں انسانی المیے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ خوراک (ڈبلیو ایف پی) یوکرین میں تین ماہ کا ہنگامی آپریشن شروع کر رہا ہے تاکہ تنازعات سے بچ نکلنے والے لوگوں کو خوردنی امداد فراہم کی جا سکے۔ خوراک کا عالمی پروگرام درخواست کے مطابق پڑوسی ملکوں میں پناہ گزینوں کی مدد کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ خوراک کی ٹیمیں یوکرین کے دارالحکومت کیف اور متعدد پڑوسی ملکوں میں موقع پر موجود ہیں، جو اقوام متحدہ کی انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے والی برادری کی جانب سے ہنگامی ٹیلی مواصلات اور نقل وحمل والے گروپوں کی قیادت کر رہی ہیں۔ ڈوجارک نے کہا کہ خوراک کے عالمی پروگرام نے یہ بھی انتباہ جاری کیا ہے کہ بحیرہ اسود کا طاس اناج اور زرعی پیداوار کے لیے دنیا کے اہم ترین علاقوں میں سے ایک ہے اور ممکنہ طور پر خوراک کےتحفظ پر تنازعات کے اثرات یوکرین کی سرحدوں سے باہر بھی محسوس کیے جائیں گے۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist