سعودی عرب میں پاکستانی سفیرِ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کے اعزاز میں الوداعی تقریب

Written by on February 14, 2022

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کے اعزاز میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے الوداعی تقریب منعقد کی گئی. 

سفارت خانہ پاکستان کے چانسری ہال میں منعقدہ تقریب میں سفارتخانہ کے افسران سمیت سٹاف نے انہیں الوداع کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا. الوداعی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کا کہنا تھا کہ 10 ماہ سعودی عرب میں قیام کے دوران پاکستانی کمیونٹی اور ورکرز کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھرپور کوشش کی جس میں دیگر سفارتی افسران اور عملے کا تعاون میسر رہا.سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں کا اہم ترین کردار ہے جو تجارتی امور کے علاوہ پاکستان کا مثبت چہرہ نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور بعض اہم ایشوز پر پاکستانی موقف کو فروغ دیتے ہیں. 

سفیر پاکستان بلال اکبر نے افسران اور عملے کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز کے مسائل کو پوری تندہی اور فرض شناسی کے ساتھ حل کیا جائے تاکہ ہم وطنوں کو دیار غیر میں اپنائیت کا احساس ہو. الوداعی تقریب کے آخر میں نائب سفیر ٹیپو عثمان نے سفیر پاکستان کو اعزازی شیلڈ پیش کی اور انکے لئے نیک جذبات اور خواہشات کا اظہار کیا.

بعد ازاں، سفیرِ پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے پاک میڈیا فورم کے نمائندہ وفد سے الوداعی ملاقات کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کا بھرپور شکریہ ادا کیا. وفد میں ذکاء اللہ محسن، وقار نسیم وامق اور رانا محمد عظیم شامل تھے. 

سفیرِ پاکستان نے پاک میڈیا فورم کے تعاون اور پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ضمن میں پاک میڈیا فورم کے صحافتی کردار کو بے حد سراہا اور کہا کہ وطن سے دور رہ کر وطن کی خدمت کرنیوالے صحافی اور میڈیا نمائندگان ہمارا اثاثہ ہیں اور اس ضمن میں پاک میڈیا فورم کی خدمات شاندار اور بے مثال ہیں.


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist