تین سال میں 70 فیصد خبریں میرے خلاف لگیں، وزیراعظم
Written by Prime FM92 on September 24, 2021
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تین سال میں 70 فیصد خبریں میرے خلاف لگیں، اخباروں نے لکھا زائچہ نکال کر وزیراعظم آزاد کشمیر کو نامزد کیا۔ ان پر تنقید کریں تو سچی تنقید کریں، انہيں مسئلہ فیک نیوز اور پراپیگنڈے سے ہے، ان کی گورنمنٹ کرپشن نہیں کررہی تو آزاد عدلیہ اور آزاد صحافت سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
اسلام آباد میں ڈیجیٹل میڈیا ڈیولپمنٹ پروگرام کے آغاز کے حوالے سے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا ڈیجیٹل میڈیا کی طرف جارہی ہے، نوجوانوں کے لئے ڈیجیٹل میڈیا ڈیولپمنٹ پروگرام کےآغاز پر بہت خوشی ہوئی
وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سے زیادہ ٹیلنٹڈ کھلاڑی تھے، لیکن میں اپنی ترجیحات طے کرتا تھا، نوجوان کبھی بھی خود کو کمتر نہ سمجھیں، ہمیشہ بڑے اہداف کے حصول کیلئے کوشاں رہیں، جتنی جدوجہد کریں گے آپ کو اتنا ہی پھل ملے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں کچھ لوگ اپنے لیے زندگی گزارتے ہیں کچھ قوم کیلئے، دنیا انہیں یاد رکھتی ہے جو انسانوں کیلئے کچھ کرتے ہیں، انسانیت کی خدمت کرنے والا بڑا انسان ہوتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا وژن اسلامی ریاست ہے، ہم طاقت کے آگے گھٹنے ٹیک دیتے تھے، اسلامی ریاست خود دار ہوتی ہے، کسی کےسامنےجھکتی نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہر خاندان کے پاس 10 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس ہے، مزدورں کیلئے پناہ گاہوں کو مزید بہتر کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ طاقتور کو قانون کے نیچے لانا ہے، تین سالوں سے شور مچا ہوا ہے، طاقتور کوقانون کے نیچے آنا ہوگا، بڑے لوگ چوری کرتے تھے انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم فلاحی ریاست کی طرف سفر کررہے ہیں، جس معاشرے میں انصاف ہو وہاں میرٹ ہوتا ہے، قانون کی حکمرانی سب سے اہم ہے، ہم طاقتور کو بھی کہہ رہے ہیں کہ حساب دو، این آر او کیا ہے، یہ طاقتور ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم خاص ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھیک مانگ کر گزارہ کرنے والی قوم کی کوئی غیرت نہیں ہوتی، جتنا سچ پر رہیں گے آپ کا اسٹیٹس اتنا ہی اونچا ہوگا، جو سچا ہوتا ہے معاشرہ اس کی عزت کرتا ہے، صحافت میں جھوٹی خبر والا زیادہ دیر پائیدار نہیں ہوسکتا، ہماری حکومت چاہتی ہے سچ لکھیں، پاکستان کی تاریخ میں کبھی میڈیا اتنا آزاد نہیں ہوا۔