ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار
Written by Prime FM92 on June 21, 2022
ملک بھر میں جاری پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے مختلف شہروں میں جل تھل ایک ہو گیا، بارشوں نے گرمی کی شدت کو بھگا دیا جبکہ موسم خوشگوار ہو گیا۔
پنجاب میں لاہور ، فیصل آباد ، جھنگ ، ننکانہ ، چشتیاں ، اوکاڑہ اورپتوکی میں طوفانی بارشیں ہوئیں جس سےنشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ میانوالی ، بھکر اور دیگر علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ، خیبرپختونخوا اور شمالی وزیرستان میں بھی شدید بارشیں ہوئیں ۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کا سلسلہ کل ( بدھ) تک جاری رہے گا جبکہ ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے ۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے متلعقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیدی ہے ۔