پاکستان میں ہنگامہ، لیکن حکومت کی تبدیلی سے تعلقات میں کیا فرق پڑے گا؟ چین نے دوٹوک اعلان کردیا

Written by on April 12, 2022

پاکستان میں عمران خان کی حکومت کے خاتمے اور شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے ہنگام چین سے ایک اچھی خبر آ گئی ہے۔ چین کے ریاستی اخبار گلوبل ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان میں حکومت کی اس تبدیلی سے پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات میں کوئی فرق نہیں آئے گا بلکہ شہباز شریف کے وزیراعظم بننے سے دونوں ممالک کے تعلقات عمران خان کے دور حکومت کی نسبت زیادہ بہتر ہوں گے کیونکہ شہباز شریف سالہا سال سے پاک چین تعلقات میں فروغ کے لیے کام کرتے آ رہے ہیں۔

گلوبل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ”پاکستان اور چین دونوں ممالک کے ماہرین پراعتماد ہیں کہ پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے باوجود مستقبل میں دونوں کے تعلقات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ نئی حکومت ان میں زیادہ بہتری لائے گی۔ اگرچہ امریکہ نے ہمیشہ پاک چین تعلقات میں مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی ہے، بالخصوص پاک چین اقتصادی راہ داری (سی پیک)کو ٹارگٹ کرنے کی مسلسل کوشش کرتا آ رہا ہے لیکن ماہرین کے مطابق چین کو اس حوالے سے اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ عمران خان کے جانشین شہباز شریف کا تعلق شریف فیملی سے ہے اور یہ فیملی طویل عرصے سے پاک چین تعلقات میں بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔ چنانچہ غالب امکان ہے کہ شہباز شریف کی حکومت میں پاک چین تعلقات پی ٹی آئی کی حکومت کی نسبت زیادہ بہتر ہوں گے۔

 چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاﺅ لی جیان نے بھی گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ”پاکستان میں حکومت کی تبدیلی سے پاک چین تعلقات قطعاً متاثر نہیں ہوں گے اور پاک چین اقتصادی راہ داری پر کام بدستور جاری رہے گا۔ پاک چین دوستی مثالی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان میں فریقین متحد رہیں گے اور قومی ترقی و استحکام کے لیے مل کر کام کریں گے۔“


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist