ایف بی آر کی طرف سے اکاﺅنٹ سے اربوں روپے کی پیشگی ٹیکس ریکوری پر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کا شدید احتجاج، دونوں اداروں میں ٹھن گئی

Written by on April 8, 2022

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی طرف سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی قرار دیتے ہوئے اس کے اکاﺅنٹس سے اربوں کی پیشگی ٹیکس ریکوری کیے جانے پر این ایچ اے کی طرف سے سخت احتجاج کیا گیا ہے۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف بی آر کے اتھارٹی کے خلاف اقدامات پر این ایچ اے کی طرف سے سنجیدہ تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ 

این ایچ اے کی طرف سے کہاگیا ہے کہ ایف بی آر نے این ایچ اے کو غلطی سے پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی دیا ہے حالانکہ این ایچ اے 1991ءمیں پارلیمنٹ کے ذریعے قائم کی گئی تھی جس کا مقصد نیشنل ہائی ویز اور تژویراتی روڈز کی منصوبہ بندی، ترقی، آپریشن اور تعمیر و مرمت تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے 9فروری 2022ءکو این ایچ اے کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی قرار دیتے ہوئے اسے 119.111ارب کا ٹیکس کا مطالبہ کیا تھا۔ ایف بی آر کے مطابق یہ ٹیکس 2015ءسے 2020ءکے درمیان ادا نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے این ایچ اے کی طرف سے ایک اپیل دائر کی گئی تھی۔ این ایچ اے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ٹیکس کا یہ مطالبہ کرنے سے قبل ایف بی آر کی طرف سے ان کی اپیل پر بھی کارروائی نہیں کی گئی۔ 

واضح رہے کہ این ایچ اے کے ذمہ یہ ٹیکس اسے پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی قرار دینے کے بعد واجب الادا نکلا ہے۔ یہ معاملہ پہلے سے عدالت میں ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ این ایچ اے کو 2016ءاور 2017ءکے 26.203ارب ٹیکس پر سٹے آرڈ دے چکی ہے۔ این ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے اتھارٹی کے بینک اکاﺅنٹس سے پیشگی ٹیکس ریکوری کرکے اس سٹے آرڈر کی بھی خلاف ورزی کی گئی ہے۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist