اجلاس روکنے کی دھمکی کے بعد متحدہ اپوزیشن نے او آئی سی کو بڑی یقین دہانی کرادی

Written by on March 20, 2022

متحدہ اپوزیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کے داخلی سیاسی حالات کو  اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔

او آئی سی اجلاس کے حوالے سے متحدہ اپوزیشن نے اپنا مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے  کہ معزز مہمانوں کے خیر مقدم و تکریم کے لیے لانگ مارچ کی تاریخوں میں تبدیلی کر دی گئی ہے،ہم اپنے کارکنان کو 25 مارچ سے پہلے اسلام آباد نہ آنے کی ہدایت کرتے ہیں۔ ہم معزز مہمانوں کی اسلام آباد میں موجودگی کے دوران خوشگوار ماحول استوار کرنے میں کردار یقینی بنائیں گے،متحدہ اپوزیشن یقین دلاتی ہے ان کی آمد کے موقع پر پورا پاکستان انہیں خوش آمدید کہتا ہے،امید کرتے ہیں کہ معزز مہمانان گرامی کا اسلام آباد میں قیام خوشگوار رہے گا۔

متحدہ اپوزیشن نے واضح کیا ہے کہ  پاکستان کے داخلی سیاسی حالات اور سیاسی کشمکش کواو آئی سی اجلاس پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا،ہم ان کی پذیرائی اور استقبال کے لیے چشم براہ ہیں۔او آئی سی کانفرنس میں افغانستان، جموں و کشمیر و فلسطین جیسے اہم مسائل پر غور ہونا ہے،وزرائے خارجہ اسلامی دنیا کو درپیش کثیر الجہتی مسائل پر غور  کیلئے  اسلام آباد آ رہے ہیں،ہم ان کے جذبے اور عزم کی تحسین کرتے ہیں،معزز مہمانوں کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت و افتخار ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل متحدہ اپوزیشن کی مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھمکی دی تھی کہ اگر 21 مارچ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پیش نہ کی گئی تو او آئی سی کا اجلاس نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اسی پریس کانفرنس میں  پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا تھا کہ اگر تحریک عدم اعتماد پیش نہ کی گئی تو قومی اسمبلی کے ہال میں دھرنا دے دیا جائے گا۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist