پاکستان کے پہلے سکھ کلیان سنگھ کلیان نے پی ایچ ڈی کرلی
Written by Prime FM92 on February 19, 2022
ملکی تاریخ میں پہلی بار سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے کلیان سنگھ کلیان نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر لی ، انہوں نے جامعہ پنجاب سے اپنا پی ایچ ڈی کا مقالہ پنجابی کے ممتاز محقق پروفیسر ڈاکٹر نوید شہزاد کی زیر نگرانی مکمل کیا ۔
کلیان سنگھ کے مقالے کا عنوان “گورونانک کی تعلیمات میں انسان دوستی کا فلسفہ”تھا۔ ان کا مقالہ600 صفحات پر مشتمل ہے جو انہوں نے اپنی ماں کے نام منسوب کیا ۔کلیان کے پاس پاکستان کے پہلے سکھ اسسٹنٹ پروفیسر ہونے کا اعزاز بھی ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان میں میں پہلا پی ایچ ڈی سکھ ہوں۔سردار کلیان سنگھ کلیان 12 دسمبر 1979 کو ننکانہ صاحب میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ گورونانک ہائی سکول میں حاصل کی جہاں تمام مذاہب کے طلبہ پڑھتے تھے۔42 سالہ کلیان سنگھ کلیان شادی شدہ ہیں ان کی3 بیٹیاں اور 1 بیٹا ہے۔
سردار کلیان سنگھ کلیان نے پنجاب یونیورسٹی سے ماسٹرز کیا، انہوں نے 2016 میں پنجابی میں ایم فل بھی کیا۔ان کی گریجویشن 2005 میں پنجاب یونیورسٹی سے الحاق شدہ گورنمنٹ ننکانہ صاحب کالج سے ہوئی۔ وہ لاہور کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں پنجابی کے اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔