پاکستان کے آبپاشی نظام کی ماحولیاتی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے: مونس الٰہی
Written by Prime FM92 on February 12, 2022
وفاقی وزیر برائے آبی سائل مونس الٰہی سے اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں پاکستان میں یو این آر سی کے نمائندہ جولین ہارنیس ، پاکستان میں اقوام متحدہ کی ایف اے او کی نمائندہ فلورنس رولےاور ریزیڈنٹ کوآرڈی نیٹر آفس کے سربراہ شاہ ناصر خان سمیت جودت ایاز ایڈیشنل سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی بھی ملاقات میں شریک تھے۔
نمائندہ یو این آر سی جولین ہارنیس نے مونس الٰہی کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی تعاون کے فریم ورک برائے 27- 2023 بارے آگاہ کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیات کی بحالی اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی آبادی والا ملک ہے، یہاں دنیا کا سب سے بڑا مربوط آبپاشی کا نظام موجود ہے، دریاؤں سے حاصل ہونے والے پانی کا ایک بڑا حصہ آبپاشی کیلئے استعمال ہوتا ہے، اس نظام کی ماحولیاتی سالمیت اور خصوصاً ماحولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے۔
مونس الٰہی نے اس سلسلے میں وزارت آبی وسائل اور اس سے منسلک محکموں کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت آبی وسائل اوراس کا محکمہ ”لیونگ ریور انیشی ایٹوعملدرآمد پر تجاویز کیلئے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔