تحریک انصاف فنڈنگ کیس ،رپورٹ سامنے آنے پر وزیراعظم عمران خان نے دبنگ اعلان کر دیا
Written by Prime FM92 on January 5, 2022
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف فنڈنگ جانچ پڑتال کا خیر مقدم کرتاہوں ۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اکاونٹس کی جتنی جانچ پڑتا ل ہو گی اتنے ہی حقائق سامنے آئیں گے ،پتہ چلے گا پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس کی بنیاد سیاسی فنڈ ریزنگ پر ہے ۔پی پی ، ن لیگ کے اکاونٹس کی جانچ پڑتا ل کا منتظر ہوں ۔‘‘یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر آئی جس میں کہا گیا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے اکاؤنٹس چھپائے اور غلط معلومات جمع کرائیں۔
سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی اکاؤنٹ سٹیٹمنٹ میں شامل کیش رسیدیں، بینک سٹیٹمنٹ سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ پی ٹی آئی کو ایک ارب 64 کروڑ روپے کے عطیات موصول ہوئے۔ تحریک انصاف نے 77 میں سے صرف 12 اکاؤنٹس ظاہر کیے جب کہ 53 بینک اکاؤنٹس اور 31 کروڑ روپے کی رقم چھپائی گئی۔
پی ٹی آئی کے 2008 اور 2009 کے دو بینک کھاتوں کو ظاہر نہیں کیاگیا جب کہ نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے اکاؤنٹس تک رسائی نہیں دی ۔ پی ٹی آئی نے 2008 سے 2013 تک ایک ارب 33 کروڑ 22 لاکھ روپے کے فنڈز ظاہر کیے اور الیکشن کمیشن میں 12 بینک اکاؤنٹس ظاہر کیے۔