دنیا کو افغانستان کے معاملات میں فوری مداخلت کرنا ہوگی ، شاہ محمود قریشی

Written by on December 15, 2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  اسلامک ممالک کی تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس  کا ایجنڈا افغانستان ہوگا ، افغانستان میں قحط سالی ہے ، دنیا نے توجہ نہ دی تو سردی اور بھوک سے بچے مر جائیں گے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ  او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 19 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی ، سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو افغانستان میں بحران سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے،  افغانستان کا معاشی انہدام واضح دکھائی دے رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ نیویارک میں مختلف وزرائے خارجہ کی افغانستان صورتحال کی جانب توجہ دلائی، برسلز میں یورپی یونین خارجہ امور کے سربراہ سےافغانستان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، افغانستان میں بینکنگ کا کوئی نظام نہیں ہے، ہم اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں لیکن پاکستان تنہا یہ ذمہ داری نہیں اٹھا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بارشیں نہیں ہوئیں،قحط کی صورتحال ہے، خطہ سردی کی لپیٹ میں ہے ، خدشہ ہے بچے بھوک سے مرجائیں گے،پاکستان کے مؤقف پر توجہ نہیں دی گئی مگر حقائق نے اُسے درست ثابت کر دیا، پاکستان کہتا آ رہا ہے کہ افغانستان کا سیاسی حل تلاش کریں، دنیا کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ افغانستان میں حالات بگڑ رہے ہیں،دنیا کو افغانستان کے معاملات میں فوری مداخلت کرنا ہوگی۔ 


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist