پی ٹی آئی نے”حق دو گوادر تحریک” کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا
Written by Prime FM92 on December 11, 2021
پارلیمانی سربراہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)بلوچستان سردار یار محمدرند نےگوادر میں جاری دھرنے کی حمایت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حق دو گوادر تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری تحریک کے تمام مطالبات جائز ہیں، گوادر کے مقامی لوگوں کے تحفظات دور کرنے میں صوبائی حکومت ناکام نظر آرہی ہے۔
سردار یار محمدرندکا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے ہماری مائیں ، بہنیں ، بچے اور مقامی ماہی گیر اپنے بنیادی حقوق کے لئے سڑکوں پر پرامن احتجاج کررہے ہیں لیکن صوبائی حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی، حق دو گوادر تحریک کے اکابرین اور معززین کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ کے تمام مطالبات جائز اور گوادر کی عوام کے بہتر مستقبل اور فلاح و بہبود کے لئے بحیثیت بلوچ اور بلوچستانی ہونے کے ناطے میں آپ کے تمام مطالبات میں آپ کے ساتھ اور شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملازمتوں پر پہلا حق گوادر کے مقامی لوگوں کا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ غیر قانونی ٹرالنگ سمیت مظاہرین کے جو مطالبات ہیں تمام جائز ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حق دو گوادر کے تحریک کا دائرہ اگر پورے بلوچستان میں پھیلایا گیا تو ہم بھرپور تعاون اور ہر ممکن مدد کریں گے ،گوادر کے بچے ، بوڑھے ، خواتین پینے کے صاف پانی سے تک محروم ہیں، صوبائی حکومت کی کارگردگی صرف بیانات تک محدود ہے۔