“نواز شریف اور بیٹی کو سزا دینی ہے” سابق چیف جسٹس سے منسوب مبینہ آڈیو ، ثاقب نثار کا موقف بھی آگیا

Written by on November 22, 2021

 صحافی احمد نورانی نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی  سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو سزا دینے کیلئے کی گئی کال کی ریکارڈنگ سامنے آئی ہے۔ دوسری جانب سابق چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ اس آڈیو میں آواز ان کی نہیں ہے، یہ ان کے خلاف گھڑی گئی آڈیو ہے۔

سابق چیف جسٹس سے منسوب آڈیو ریکارڈنگ  میں  انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے “ہمارے پاس ججمنٹ ادارے دیتے ہیں،اس میں میاں صاحب کو سزا دینی ہےاور کہا گیا ہے کہ ہم نے خان صاحب کو لانا ہے، بنتا ہے نہیں، اب کرنا پڑے گا،  بیٹی کو بھی نہیں۔”

مبینہ آڈیو کال میں دوسری طرف موجود شخص نے کہا “لیکن میرے خیال میں بیٹی کو سزا دینی بنتی نہیں ہے۔”

اس پر مبینہ طور پر ثاقب نثار کا کہنا تھا “آپ بالکل جائز ہیں ، میں نے اپنے دوستوں سے یہی کہا کہ جی اس پر کچھ کیا جائے اور میرے دوستوں نے اتفاق نہیں کیا ۔ عدلیہ کی آزادی بھی نہیں رہے گی، تو چلیں۔”

صحافی کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اس آڈیو ریکارڈنگ کا فرانزک امریکہ سے کروایا ہے جس کی رپورٹ میں واضح ہوا کہ اس کال میں کوئی ایڈیٹنگ موجود  نہیں ہے۔  احمد نورانی کے مطابق انہوں نے سابق چیف جسٹس سے بات کی تو انہوں نے کہا ” میں  نے کبھی بھی احتساب عدالت کے کسی جج کو نوازشریف کو سزا دینے سے متعلق حکم نہیں دیا۔ فوج یا آئی ایس آئی میں سے کسی نے کبھی اس حوالے سے مجھ پر دباؤ نہیں ڈالا،  میرا میاں نواز شریف سے کوئی بغض نہیں ہے تو میں  ایسا کیوں کروں گا؟”

دوسری جانب نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے کہا کہ انہوں نے یہ آڈیو ابھی سنی ہے، یہ آواز ان کی نہیں ہے، ان کے خلاف اس طرح کی چیزیں بنا کر لائی جا رہی ہیں۔ اینکر پرسن وسیم بادامی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کی کچھ دیر قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے کہا ہے کہ یہ آڈیو من گھڑت ہے۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist