حکومت اور کالعدم تنظیم میں معاہدے کے اہم نکات سامنے آگئے
Written by Prime FM92 on October 31, 2021
حکومت اور دھرنے پر موجود کالعدم تنظیم کے درمیان معاہدے کے اہم نکات سامنے آ گئے۔ کالعدم تنظیم فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے مطالبے سے دستبردار ہوگئی۔
حکومت سے طے پانے والے معاہدے کے مطابق کالعدم تنظیم آئندہ کسی لانگ مارچ یا دھرنے سے گریز کرےگی اور بطور سیاسی جماعت سیاسی دھارے میں شریک ہو گی۔ نجی ٹی وی 24 نیوز کے مطابق حکومت گرفتار کارکنوں کو رہا کر دے گی تاہم دہشت گردی سمیت سنگین مقدمات کا سامنا کرنے والے کارکنوں کو عدالت سے ریلیف لینا ہو گا۔
معاہدے میں طے پایا ہے کہ دھرنے کے شرکا آج رات تک راستہ کھول دیں گے اور ایک سے دو روز میں واپس گھروں کو جائیں گے۔ حکومت مذہبی جماعت کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ واپس لے گی اور دھرنے کے شرکا کے خلاف حکومت کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔
کالعدم تنظیم کی جانب سے سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے بطور گارنٹر معاہدے کےلیے کردار ادا کیا۔ حکومت کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔