نشتر ہسپتال ملتان میں فائرنگ، 4 افراد زخمی
Written by Prime FM92 on October 19, 2021
نشتر ہسپتال ملتان کے ایمرجنسی وارڈ میں دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملتان کے علاقے ممتاز آباد میں دو گروپوں میں جھگڑا ہوا جس پر زخمیوں کو نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا۔ دورانِ علاج دونوں گروپوں میں دوبارہ جھگڑا ہوگیااور گولیاں چل گئیں۔ واقعے میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی نشتر ہسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ (ایم ایس) ایمرجنسی وارڈ میں پہنچ گئے۔ سٹی پولیس آفیسر بھی پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ہسپتال پہنچ گئے اور آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او ) ملتان سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے ۔