“ہم موجودہ ڈی جی کو ہی برقرار رکھنا چاہتے تھے، معاملے میں تکنیکی خرابی تھی” وزیر اعظم عمران خان ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر کھل کر بول پڑے
Written by Prime FM92 on October 14, 2021
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) کے معاملے پر قیاس آرائیاں بہت زیادہ بڑھ گئیں، ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری میں تکنیکی خامی تھی جو دور کرلی گئی ہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے موجودہ صورتحال پر پالیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر کوئی کشیدگی نہیں ہے ، حکومت چاہتی تھی کہ افغان صورتحال کے تناظر میں موجودہ ڈی جی کام جاری رکھتے۔ یہ ایک پروسیجرل معاملہ تھا جس پر قیاس آرائیاں بہت زیادہ بڑھ گئیں، عسکری قیادت سے مجھ سے زیادہ بہتر تعلقات کسی کے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے معاملے پر ایک تکنیکی خامی تھی جو دور ہوگئی، یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا، ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے پارلیمانی پارٹی کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ ہمیں اپنے منشور پر عملدرآمد کرنے پر توجہ دینی ہے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں افغانستان کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ رکن اسمبلی شیر علی ارباب نے پارلیمانی وفد افغانستان بھیجنے کی تجویز دی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلی کوشش ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران نہ ہو، افغانستان میں استحکام ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا۔