کراچی چیمبر کے وفد کی شوکت ترین، حماد اظہر سے ملاقات

Written by on October 2, 2021

کراچی چیمبر کے وفد نے وزیر خزانہ شوکت ترین اور وزیر توانائی حماد اظہر سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور چیئرمین ایف بی آر بھی موجود تھے۔

شوکت ترین نے دوران ملاقات کہا کہ ٹیکس قوانین (تیسری ترمیم) آرڈیننس 2021 میں نان فائلر، انڈر فائلر کی اصطلاحات کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر چیمبرز کے ساتھ متعلقہ ڈیٹا شیئر کرے گا اور اپنی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کرے گا۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ کسی کو دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، ایف بی آر براہ راست کارروائی نہیں کرے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایف بی آر چیمبرز کے ساتھ متعلقہ ڈیٹا شیئر کرے گا، آر ٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد لی جائے گی، تیسرے فریق کے ذریعے تشخیص کی جائے گی۔

شوکت ترین نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس نادہندگان کو واجبات ادا کرنے کےلئے 90 دن کا مناسب وقت فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر 3 ماہ بعد کےسی سی آئی کا دورہ کروں گےجبکہ چیئرمین ایف بی آر بھی ماہانہ بنیادوں پر چیمبر کا دورہ کریں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سندھ کی برآمدی صنعتوں کو آر ایل این جی کےلئے وزارت خزانہ سبسڈی کی منظوری دے گی۔

وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ سندھ کی برآمدی صنعتوں کو 6اعشاریہ5 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو پر آر ایل این جی دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں گیس بحران پر کے سی سی آئی کے خدشات پر اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عبدالرزاق داؤد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کاٹن یارن پر ڈیوٹی ختم کرنے کا جائزہ لیں گے، ڈی ایل ٹی ایل موجودہ یا زیادہ ریٹ پر جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرانے انکم ٹیکس کلیمز بھی جلد از جلد واپس کردیے جائیں گے، درآمدی کنٹینر کے انڈر انوائس اور پیکنگ لسٹ سے متعلق کے سی سی آئی کی تجویز پر نظرثانی ہوگی۔

چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا کہ حکومت شناختی کارڈ کی شرط 3 فیصد ٹیکس سے متعلق معاملے کا جائزہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتہ اجلاس ہوگا تاکہ مختلف ٹیکس مسائل پر پیشرفت کا جائزہ لیا جاسکے۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist