یومِ دفاع آج جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

Written by on September 6, 2021

ملک بھر میں یوم دفاع آج بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، مسلح افواج کے غازیوں اور شہدا کو قوم کا سلام اور خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

6 ستمبر کی مناسبت سے مزار قائد پر گارڈزکی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاک فضائیہ کےکیڈٹس نے مزار کے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

صدر مملکت کا 6 ستمبر پر پیغام

اس دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں صدرعارف علوی نے کہا کہ افواج پاکستان نے بے مثال جرات مندی سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا تھا ، ہم مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداء پر، پُروقار تقریب

نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداء پر، پُروقار تقریب ہوئی ، تقریب میں ملک کے استحکام اورشہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصو صی دعا کی گئی ، یاد گار پر پھول رکھے گئے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی ۔

واضح رہے کہ جنگ ستمبر میں پاکستانی مسلح افواج اور قوم نے متحد ہو کر بھارت کے جنگی عزائم خاک میں ملائے اور مادر وطن کا ڈٹ کر دفاع کیا، مکار دشمن بھارت کو ہر محاذ پر منہ کی کھانی پڑی، جنگ ستمبر کے غازیوں اور شہیدوں نے جرات و بہادری کی وہ لازوال داستانیں رقم کیں جو رہتی دنیا تک یاد رہیں گی۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist