’حکمران اگر عافیہ کو واپس نہیں لاتے تو انہیں دنیا و آخرت میں عافیت نہیں ملے گی‘

Written by on September 6, 2021

 لاہور; امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران اگر عافیہ کو واپس نہیں لاتے تو انہیں دنیا و آخرت میں عافیت نہیں ملے گی، بہت شرمناک فعل ہے قوم کی بیٹی پر ڈالروں کو ترجیح دی گئی قرآن وسنت کے احکامات کو فراموش کرنے سے ذلت ، محکومی اور غلامی ہمارا مقدر بن چکی ہے ،حکمران مہلت کی گھڑیاں ختم ہونے سے پہلے اپنی سمت درست کر لیں ، ملت کا اجتماعی فریضہ ہے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے ان حکمرانوں کو جھنجھوڑا جائے ،داؤد غزنوی نے موثر کتاب لکھ کر بہت سارے حقائق سے پردہ چاک کر دیا ہے،گوانتاناموبے کے قیدی آزاد ہو سکتے ہیں تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیوں نہیں ؟گوانتا ناموبے سے وہ تمام قیدی رہا ہوگئے جن کے بارے میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھاکہ وہ زندہ واپس آئیں گے، ریمنڈ ڈیوس ، ابھی نندن کو دن کی روشنی میں رہا کیا گیا ، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ نے بتایا ان کی بیٹی نے کہا کہ روز محشر رسول اللہﷺ کے قدموں میں بیٹھ کر حکمرانوں کی بارے میں شکایت کروں گی کہ ان لوگوں نے مجھے فروخت کیا تھا ۔

مقامی ہوٹل میں بیرسٹر داود غزنوی کی کتاب (عافیہ صدیقی کا مقدمہ نہ سنایا گیا) کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ضمیر فرو ش ، وطن فروش حکمرانوں نے ملک کے دامن پر ایسے داغ لگائے ہیں اسے دھونے کے لیے ہمیں سامراجی قوتوں کے پروردہ ایجنٹوں کے خلا ف جدوجہد کرناہوگی ،سابق وزیر اعظم نواز شریف اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا وعدہ کیا تھا لیکن دونوں نے اپنے وعد ے بے وفائی کی ،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے اس وقت مناسب موقع ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے افغانستان سے امریکی فوجیوں کو نکالنے کے لیے موثر کردار ادا کیا اور امریکہ بھی ہمارے حکمرانوں سے بڑا خوش ہے ، یہی مناسب وقت ہے کہ ہم حکمرانوں کو مجبو ر کریں وہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے امریکہ پر دباو ڈالیں،حکمران ٹیپو سلطان ، محمود غزنوی اور محمد بن قاسم بننے کے دعوے کرتے ہیں لیکن عمل اس کے برعکس کرتے ہیں،حکومت باتوں کی بجائے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو واپس لائے۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist