غربت کا خاتمہ ہماری حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے، وزیر اعظم عمرا ن خان کا چینی فورم سے خطاب

Written by on September 3, 2021

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنا میری حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں سے ہے،ہم نے بڑے پیمانے پر سماجی تحفظ کی فراہمی کے پروگرام ’ احساس ‘ کا آغاز کیا ہے اور اس پروگرام کا مقصد پسماندہ افراد کی زندگیوں میں بہتری لانا، غربت کا خاتمہ اور کمزور خاندانوں کو مدد فراہم کرنا ہے۔ ہمارے احساس کیش پروگرام نے عالمی وباکورونا کے ہماری آبادی پر پڑنے والے معاشی جھٹکوں سے تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین میں منعقدہ فورم سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا کو بلعموم اور کرہ ارض کے جنوب میں بسنے والے افراد کو بالخصوص ماحولیاتی تبدیلیوں ، غربت اور سب سے بڑ ھ کر غذائی عدم تحفظ سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور غربت کی تمام صورتوں کے خاتمے کی انتھک کوششوں کی بدولت گزشتہ دو دہائیوں کے دوران شدید غربت میں تسلسل کے ساتھ کمی آتی رہی ہے،تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا نے اقتصادی بحران کو جنم دیا ہے۔

وزیرا عظم نے کہا کہ گزشتہ20 برسوں میں پہلی بار سال 2020کے دوران شدید غربت میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور ترقی پزیرملکوں کے لئے تمام لوگوں کو خوراک اور بہتر غدائیت کی فراہمی زیادہ بڑا چیلنج بن کر ابھرا ہے، عالمی وبا کے اس دور میں اقتصادی بحالی ، بڑھوتری اور ترقی کے حصول کی بابت’ چونساﺅ ‘ ٹیکنالوجی ایسا ہی ایک ذریعہ ثابت ہوسکتی ہے جو چھوٹے کسانوں کو کم لاگت میں بڑے پیمانے پر کھمبیوں کی کاشت ہیں معاونت فراہم کرتی ہے۔مزید برآ ں یہ ٹیکنالوجی زمینوں کو بنجر ہونے سے بچانے میں مدد گا ر ہوسکتی ہے، زیادہ مقدار میں پروٹین کی حامل ہونے کی وجہ سے مویشیوں کے چارے کے طور پر بھی استعمال ہوسکتی ہے۔

وزیرا عظم کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کے حوالے سے چین ترقی پزیر ملکوں کے لئے رول ماڈل ہے،گزشتہ چار دہائیوں میں چین نے اپنی شاندار شرح نمو سے 80کروڑ افراد کو غربت سے باہر نکالا ہے،ماحولیاتی تبدیلیوں کی بابت بھی چین کا قائدانہ کردار قابل تعریف ہے۔میں صدر شی جن پنگ کے خوشحال ، صاف ستھری اور خوبصورت دنیاکے تصور کو سراہتا ہوں،نیز ان کا دنیا کا سال 2060تک کاربن کے اثرات سے پاک کرنے کا تصور بھی قابل تعریف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہونے کے سبب پاکستان اس عفریت کے خاتمے کی عالمی کوششوں کی بھرپور حمایات کرتا ہے۔موسماتی تبدیلیوں اور ماحولیات کے ضمن میں ایک زبردست اور واضح ایجنڈے کے تحت درختوں میں اضافے کے ہمارے متعدد امتیازی پروگراموں کی بدولت ہم صاف اور سرسبز پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں۔جنگلات کی بحالی اور ان میں اضافے کی ہماری بلند ہمت کوششوں کے جزو کے طور پرہم پہلے ہی دس ارب درخت اگانے کے منصوبہ کے تحت ایک ارب درخت لگاچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے عشرہ بحالی ماحولیاتی نظام 2021تا2030سے ہم آہنگ ہیں،ہمیں امید ہے کہ ہمارے یہ اقدامات ماحولیاتی نظام میں بگاڑ سے بچنے ، اسے روکنے اور اس میں بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

 


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist