’ خود احتسابی نہ کی تو 700 سال گزرنے کے بعد بھی صورتحال جوں کی توں رہے گی ‘ شہباز شریف کراچی میں کھل کر بول پڑے

Written by on August 28, 2021

مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان آگے چلے گا تو چاروں صوبے بھی آگے چلیں گے،ترقی کریں گے، اجتماعی کوشش کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا ، ذاتی خواہشات اور اغراض سے بلند ہوکر ملک کی خدمت کرنا ہوگی ،قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں نے اس وطن کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں ، ہمیں ان کے خوابوں کو تعبیر دینا ہے،پاکستان کے لئے لوگوں نے اپنی جانیں قربان کیں، ہمیں ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینا ،انتھک محنت سے کام کرکے پاکستان کو ترقی یافتہ ملک کی صف میں لے جانا ہوگا ،ہماری آج بدقسمتی سے یہ حالت ہے کہ ہمسایہ ممالک ہم سے ترقی میں آگے نکل گئے ہیں، خود احتسابی نہ کی تو 700 سال اور بھی گزر گئے تو صورتحال جوں کی توں رہے گی ،آج بھی ہم اپنےساتھ اورقوم سےوعدہ کریں توملک کی حالت بدل سکتےہیں،کراچی کا امن بحال ہونے کا سوفیصد کریڈٹ نوازشریف حکومت کو جاتا ہے ،سی پیک اور پاکستان کے محدود وسائل سے جو منصوبے لگائے، اللہ کے کرم سے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔

 کراچی میں اپنے اعزا زمیں دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ  ن نے 11000 میگاواٹ بنا کر ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا ،اس میں سی پیک اور نان سی پیک منصوبے شامل تھے ،توانائی کی قلت کے خاتمے کی وجہ سے کراچی کی روشنیاں واپس آئیں، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا پھر سے شروع ہوا،سی پیک کے منصوبوں میں پورٹ قاسم میں 1360 میگاواٹ کا کوئلے سے چلنے والا پلانٹ شامل تھا ،حب میں 600 میگاواٹ اور ساہیوال میں 1360 میگاواٹ کی بنیاد رکھی گئی ، یہ سب سی پیک کے منصوبے تھے،اللہ تعالی کی رحمت سے پورٹ قاسم منصوبے سے 7 مہینے پہلے ساہیوال کا پراجیکٹ آپریشنل ہوا۔

انہوں نے عشائیے سے خطاب میں کہاکہ میں کراچی کی کارروباری شخصیات سے آج ملاقات کرکے بے حد خوش ہوا ہوں ،کراچی کا امن بحال ہونے کا سوفیصد کریڈٹ نوازشریف حکومت کو جاتا ہے ،نوازشریف کی غیرمتزلزل کمٹمنٹ اور خلوص کے باعث کراچی کے شہریوں کو بوری، بھتے اور پرچیوں سے نجات ملی ۔یہاں کے امن وامان کے حالات سے تنگ آکر کاروباری برادریوں نے بیرون ملک منتقل ہونا شروع کردیا تھا، یہ کوئی راز نہیں ،نوازشریف نے سندھ کی حکومت، رینجرز، افواج پاکستان اور تمام شعبہ ہائے زندگی کو اعتماد میں لے کر زبردست پروگرام لانچ کیا،اس مہم کے نتیجے میں سندھ کا امن دہائیوں بعد واپس لوٹ کر آیا تھا،میاں نوازشریف کی کراچی کے حوالے سے سب سے بڑی خدمت کراچی کا امن واپس لے کر آنا ہے ۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ تاریخ کے اوراق میں نوازشریف کی کاوش ہمیشہ یاد رہے گی،نوازشریف کی قیادت میں ہم نے 5000 میگاواٹ ایل این جی کی بنیاد پر 1200، 1200 میگاواٹ کے چار پلانٹ لگائے ،ان پلانٹس میں دنیا کی جدید ترین مشینری لگائی ، یہ سستے ترین اور دنیاکی تاریخ میں تیز ترین رفتار سے مکمل ہونے والے منصوبے تھے ،یہ منصوبے پاکستان اور پنجاب نے اپنے محدود وسائل کے باوجود اپنی جیب سے لگائے،بجلی کی فراہمی سے کاروبار چلا، لوگ برسرروزگارہونا شروع ہوئے، برآمدات شروع ہوئیں،ہم ان مشکل ترین مسائل کا سامنا کرنے میں کامیاب ہوئے ، یہ کوئی معمولی کامیابی نہ تھی، ہم نے دن رات کام کیا،ہم نے اس مقصد کے حصول کے لئے ہم نے اپناخون پسینہ بہایا، دن رات محنت کی،بیوروکریٹس، سیاستدانوں، چین، جرمنی، امریکی ماہرین، ورکروں، ٹیکنیشنز سب نے مل کر کام کیا اوریہ کامیابیاں حاصل ہوئیں ،ہم نے اربوں ڈالرز کے منصوبے لگائے، قوم کے اربوں روپے بچائے اور آج 45 لاکھ کے پھول بوٹوں کے الزام لگائے جارہے ہیں،سی پیک اور پاکستان کے محدود وسائل سے جو منصوبے لگائے، اللہ کے کرم سے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔ہم پہلے پاکستانی ہیں اور پھر ہماری دیگر شناختیں ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہاکہ پاکستان آگے چلے گا تو چاروں صوبے بھی آگے چلیں گے،ترقی کریں گے، اجتماعی کوشش کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا ، ذاتی خواہشات اور اغراض سے بلند ہوکر ملک کی خدمت کرنا ہوگی ،قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں نے اس وطن کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں ، ہمیں ان کے خوابوں کو تعبیر دینا ہے،پاکستان کے لئے لوگوں نے اپنی جانیں قربان کیں، ہمیں ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینا،انتھک محنت سے کام کرکے پاکستان کو ترقی یافتہ ملک کی صف میں لے جانا ہوگا ،ہماری آج بدقسمتی سے یہ حالت ہے کہ ہمسایہ ممالک ہم سے ترقی میں آگے نکل گئے ہیں،ادراک کرنا ہوگا کہ 75 سال سے ہم کیوں غیروں کے دست نگر بنے ہوئے ہیں ،سمجھنا ہوگا کہ دست نگر کبھی اپنے آزدانہ فیصلے نہیں کرسکتے،امانت، دیانت اور محنت کواپنا سرمایہ حیات بنانا ہوگا ،چند لوگوں نے جنہیں بوجھ سمجھا تھا، آج ان کی برآمدات 40 ارب ڈالر سے اوپر ہیں،ان کا ٹکا ہم سے زیادہ مضبوط ہے، ہم 20 اور 25 ارب ڈالربرآمدات کے اردگرد گھوم رہے ہیں،آج خود احتسابی کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ سب کیوں ہوا اور ہم کس طرف جارہے ہیں،شہباز شریف نے کہاکہ خود احتسابی نہ کی تو 700 سال اور بھی گزر گئے تو صورتحال جوں کی توں رہے گی ،آج بھی ہم اپنے ساتھ اور قوم سے وعدہ کریں تو ملک کی حالت بدل سکتے ہیں،اپنی حالت بدلنے کے لئے تیار ہوں گے تو اللہ تعالی بھی ہماری مدد فرمائیں گے۔

 


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist