پاکستان کی سیاسی تاریخ کا بڑا دن، وزیر اعظم کی قسمت ،وزیر اعلیٰ پنجاب کی کرسی کا فیصلہ آج ہوگا

Written by on April 3, 2022

آج صبح 11 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا جس میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کروائی جائے گی۔ متحدہ اپوزیشن اتحاد کا دعویٰ ہے کہ ان کے نمبر نہ صرف پورے ہیں بلکہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے بغیر ہی ان کی تعداد مطلوبہ 172 ووٹوں سے بڑھ چکی ہے۔ اپوزیشن اتحاد میں مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی ، متحدہ مجلس عمل، بلوچستان عوامی پارٹی اور حکومت کی سابقہ اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان پر امید ہیں کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوجائے گی۔ انہوں نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر انہیں تحریک عدم اعتماد میں شکست ہوتی ہے تو وہ اس کے نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے کیونکہ یہ سارا معاملہ ہی مشکوک اور غیرملکی فنڈڈ ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے اسمبلی کا اجلاس ساڑھے 11 بجے ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے اتحاد کی طرف سے مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الہٰی وزارت اعلیٰ کیلئے امیدوار ہیں جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز کو اس عہدے کیلئے نامزد کیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار کی جانب سے رات گئے اپنے حامی ارکان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا جس میں ن لیگ کے دعویٰ کے مطابق 200 سے زائد ارکان شریک ہوئے۔ حمزہ شہباز کو پاکستان تحریک انصاف کے منحرف دھڑوں ترین گروپ اور علیم خان گروپ کی بھی حمایت حاصل ہے۔ ترین گروپ کے 13 جب کہ علیم خان گروپ کے نو ارکان نے حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ  پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر اسد کھوکھر اور نذیر چوہان بھی حمزہ شہباز کو ووٹ دیں گے۔

 


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist