Category: News

  • 100 سے زائد کوہ پیما آج کے ٹو سر کریں گے

    100 سے زائد کوہ پیما آج کے ٹو سر کریں گے

    ملکی اور غیر ملکی 100 سے زائد کوہ پیما آج کے ٹو سر کریں گے، تمام کوہ پیما کیمپ تھری سے روانہ ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق پاکستانی خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی کی پیش قدمی بھی جاری ہے۔

    نائلہ اور ثمینہ کےٹو سر کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کوہ پیما بننا چاہتی ہیں۔

    کے ٹو سر کرنے کی اس کوشش میں ایران، قطر، عمان سمیت کئی ملکوں کی خواتین بھی شامل ہیں۔

  • پنجاب اسمبلی ہال میں پولیس کی تعیناتی کیخلاف چودھری پرویز الٰہی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی

    پنجاب اسمبلی ہال میں پولیس کی تعیناتی کیخلاف چودھری پرویز الٰہی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی

    چودھری پرویز الٰہی نے ڈپٹی سپیکر کے حکم پر اسمبلی ہا ل میں پولیس سیکیورٹی کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے ۔

    نجی ٹی وی نیوز کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی )پنجاب پولیس کو حکم دیا جائے کہ کوئی بھی پولیس والا اسمبلی ہال میں داخل نہ ہو، سارجنٹس کو اسمبلی حال کی سیکیورٹی کرنے دی جائے ،سارجنٹس کی جگہ پولیس کی اسمبلی ہال میں تعیناتی کا غیر قانونی نوٹس جاری کیا گیا ،حمزہ شہبا ز ، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ، چیف سیکریٹری او ر آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے ۔

    وزارت اعلیٰ کے امیدوار چودھری پرویز الٰہی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں اکثریت کھونے کے بعد حمزہ شہباز شکست تسلیم کرنے کو تیار نہیں ،غیر آئینی اقدامات کر کے انتخابا ت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کو رٹ یکم جولائی کو صاف اور شفاف انتخابات کا حکم دے چکی ہے، شکست نظر آتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ( ن )اوچھے ہتھکنڈئے استعمال کر رہی ہے 

  • ن لیگ واضح شکست کے بعد ڈپٹی سپیکر کو استعمال کرنے کا سوچ رہی ہے،رہنما پی ٹی آئی فیاض الحسن چوہان

    ن لیگ واضح شکست کے بعد ڈپٹی سپیکر کو استعمال کرنے کا سوچ رہی ہے،رہنما پی ٹی آئی فیاض الحسن چوہان

     پاکستان تحریک انصاف کےرہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) واضح شکست کے بعد  ڈپٹی سپیکرکو استعمال کرنے کا سوچ رہی ہے ۔

    نجی  ٹی وی نیوزکے مطابق رہنما پاکستان تحریک انصاف فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ  ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کا سیکیورٹی خدشات کا عندیہ پری پلان سازش ہے، پنجاب اسمبلی کا آج کا اجلاس سپریم کورٹ کے حکم پر ہو رہاہے، پنجاب اسمبلی کے آج کے اجلاس میں رکاوٹ ڈالنے پر توہین عدالت کا اطلاق ہو گا۔

    فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پرامن الیکشن کروانے کے پابند ہیں، ہماری ساری صورت حال ہر گہری نظر ہے، پرویز الہٰی بھاری اکثریت سے وزیراعلی ٰمنتخب ہو نگے۔

    خیال رہے کہ  17 جولائی کو  پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں  پاکستان تحریک انصاف  نے 15 سیٹیں جیتی تھیں ، ایک سیٹ پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا جبکہ 4 سیٹوں پر مسلم لیگ (ن) جیتی ۔  حکمران جماعت لاہور میں 4 میں سے صرف ایک سیٹ ہی جیت پائی ۔

    ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد  پاکستان تحریک انصاف او ر اس کی اتحادی جماعت کی پنجاب اسمبلی میں 188 نشستیں ہیں جبکہ موجودہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے پاس اتحادیوں سمیت 179 سیٹیں موجود ہیں ۔

    آج پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کا الیکشن ہوگا جس میں حکمران جماعت کی جانب سے موجودہ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری  پرویز الٰہی امیدوار ہیں ۔

  • پنجاب اسمبلی میں بڑا معرکہ ،لاہور پولیس نے سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا

    پنجاب اسمبلی میں بڑا معرکہ ،لاہور پولیس نے سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا

    پنجاب اسمبلی میں وزارت اعلیٰ کیلئے آج ہونے والے الیکشن کے حوالے سے  ڈپٹی سپیکر کے سیکیورٹی کیلئے پنجاب پولیس کو مراسلے کے بعد لاہور پولیس نے اسمبلی کی سیکیورٹی کیلئے پلان مرتب کر لیا ہے ۔

    نجی ٹی وی نیوز کے مطابق ڈپٹی سپیکر دوست مزاری نے پنجاب پولیس کو اسمبلی کی سیکیورٹی کا حکم دیا تھا جس پر لاہور پولیس نے سیکیورٹی کے لئے پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت اسمبلی کے اندر اور باہر 14 سو سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق مراسلہ جاری ہونے کے بعد اسمبلی سیشن کو پر امن بنانے کے لیے سکیورٹی تعینات کی گئی ہے، اسمبلی کے باہر اور اندر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی، اجلاس میں اہلکاروں کی تعیناتی کا مقصد وزیر اعلیٰ کے الیکشن کو پر امن بنانا ہے، عدالت کے حکم پر الیکشن کو پر امن بنانے اور ممبران کو تحفظ دینے کے لئے اہلکاروں کو تعینات کیا جا رہا۔

  • پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا دنگل،ڈپٹی سپیکر کا اسمبلی کی سیکیورٹی پنجاب پولیس کے حوالے کرنے کا حکم

    پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا دنگل،ڈپٹی سپیکر کا اسمبلی کی سیکیورٹی پنجاب پولیس کے حوالے کرنے کا حکم

     ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے پنجاب اسمبلی کی سیکیورٹی پولیس کے حوالے کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔

     نجی ٹی وی نیوز کے مطابق دوست محمد مزاری نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو مراسلہ لکھا ہے ،مراسلہ 22جولائی  کی تاریخ کا لکھا گیا ہے اور ایک دن قبل ہی اگلے روز کی منظر کشی کرتے ہوئے بھاری نفری بطور سیکیورٹی مانگی ہے ، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شرپسند عناصر اجلاس کی کارروائی روک رہے ہیں،ارکان اسمبلی اور سٹاف کی زندگی خطرے میں ہے، پنجاب اسمبلی میں اسمبلی سیکیورٹی کے بجائے پولیس تعینات کی جائے، وزیراعلیٰ کا انتخاب عدالتی حکم کے مطابق پرامن بنانے کیلئے پولیس تعینات کی جائے۔

  • عمران خان سے مونس الٰہی اور حسین الٰہی کی ملاقات

    عمران خان سے مونس الٰہی اور حسین الٰہی کی ملاقات

    وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الٰہی اور حسین الٰہی نے ملاقات کی۔

    ذرائع کے مطابق مونس الٰہی نے عمران خان کو پی ٹی آئی اور (ق) لیگ کی تیاریوں سے متعلق بریف کیا۔

    اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پارلیمانی قوت اور اکثریت پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی انتظامی کوشش برداشت نہیں کریں گے۔

  • کون کرے گا پنجاب پر حکمرانی؟ووٹنگ آج ہو گی

    کون کرے گا پنجاب پر حکمرانی؟ووٹنگ آج ہو گی

     وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے ووٹنگ آج ہوگی، مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے حمزہ شہباز جبکہ پی ٹی آئی اور ق لیگ نے چوہدری پرویز الہیٰ کو امیدوار نامزد کیا ہے۔

    وزیراعلی کے انتخاب کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج شام 4بجے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی صدارت میں ہوگا، جس میں پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کرائی جائے گی۔

    پی ٹی آئی کے 15ارکان اسمبلی کے حلف  اٹھانے کے بعد ایوان میں تحریک انصاف کے کل ممبران کی تعداد 178 ہوگئی ہے، جبکہ مسلم لیگ ق کے اراکین کی  تعداد 10 ہے۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے اراکین کو ملا کر تعداد 188 ہے جبکہ ایک رکن اسمبلی بیرون ملک میں ہیں۔

    پی ٹی آئی اور ق لیگ نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اور پرویز الہیٰ کی سربراہی میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 186 ارکان شریک ہوئے اور انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے پرویز الہیٰ کی حمایت کا اعلان کیا۔

    مسلم لیگ ن کے 3ارکان اسمبلی کے حلف اور پی پی 7 سے راجہ صغیر کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے بعد حکومتی اتحادی اراکین کی کل تعداد 179 ہے، واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن )کی ایک رکن عظمی زعیم قادری کورونا کا شکار جبکہ  2 رکن فیصل نیازی اور جلیل شرقپوری مستعفی ہو چکے ہیں۔ اسمبلی میں موجود آزاد اراکین کی تعداد 6 ہے۔

  • پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، سٹیٹ بینک

    پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، سٹیٹ بینک

    سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور نہ کبھی ایسا ہوگا۔سٹیٹ بینک آف پاکستان حکام نے کہا کہ معاشی صورت حال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں، روپے کی قدر مستحکم رکھنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور نہ ہی کبھی دیوالیہ ہوگا۔

     نیوز کے مطابق  حکام نے کہا کہ روپے کی قدر میں اضافے کے لیے پاکستان نے غیر ضروری درآمدات میں کمی کردی، حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے اور ملکی معیشت کو سنبھالنے کیلیے تمام مشکل فیصلے کر کے حالات کو بہتر تو کرلیا مگر رواں مالی سال 2022-2023 ملکی معیشت کیلئے مشکل سال ہے۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام نے اسلام آباد میں صحافیوں سے آف دی ریکارڈ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال 2022-2023 پاکستان سمیت عالمی معیشت کیلئے بہت مشکل سال ہے، عالمی سطح پر مہنگائی کی شرح پچھلے سال کی نسبت بہت زیادہ ہوگئی ہے جس کے اثرات کی زد میں پاکستان بھی آئے گا۔

    حکام نے بتایا کہ رواں سال فروری کے بعد عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا پاکستان پر اعتماد کم ہو گیا تھا اور آئی ایم ایف معاہدے میں طے کردہ شرائط پر عمل نہ کرنے پر سخت ناراض تھا، موجودہ حکومت نے اعتماد بحال کرنے کی کوشش کی  جس کے بعد اسٹاف لیول کا معاہدہ طے ہوا۔

    سٹیٹ بینک کے اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی اگست میں چھٹیاں ختم ہونے جارہی ہیں اور چھٹیاں ختم ہونے کے بعد فوری دستیاب تاریخ پر آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس ہوگا، جس میں پاکستان کے اقتصادی جائزے کی منظوری دی جائے گی اور ساتھ ہی پاکستان کو قرضے کی قسط بھی جاری ہوجائے گی۔

    ڈالر کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے سٹیٹ بینک حکام کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے آئی ایم کی کوئی پیشگی شرط نہیں ہے کہ ڈالر کو کس ریٹ پر لے کر جانا ہے۔’جو جماعت(پی ٹی آئی) آئی ایم ایف کے پروگرام میں گئی اُس نے شرائط پر عمل نہیں کیا تھا، آئی ایم ایف نگراں حکومت سمیت کسی بھی حکومت کے ساتھ بات چیت کرتا ہے جس کے تحت پاکستان کے ساتھ پروگرام کو آگے بڑھایا جاچکا ہے‘۔

    غیررسمی گفتگو میں سٹیٹ بینک حکام نے کہا کہ ’آئی ایم ایف اور امدادی ممالک ساتھ ہیں، جیسے ہی عالمی مالیاتی فنڈز سے معاہدہ طے ہوا تو دوست ممالک بھی امداد کے لیے تیار ہوجائیں گے، عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی کے باعث رواں مالی سال میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح اٹھارہ سے بیس فیصد رہنے کی توقع ہے، ملکی حالات سری لنکا اور گھانا سے بالکل مختلف ہیں‘۔

    سٹیٹ بینک کے حکام کا کہنا تھا کہ ’فروری 2022 سے ملک میں معاشی پالیسیاں عدم استحکام کا شکار ہیں، حالیہ ضمنی الیکشن کے بعد ملک کو ایک مرتبہ عدم استحکام کا سامنا ہے، روپیہ پر دباوٴ کرنٹ بڑھتے اکاوٴنٹ خسارے اور درآمدی بل کے باعث ہے، درآمدی بل میں کمی کیلئے الیکٹرک مشینری پر پابندی عائد کی گئی ہے‘۔

    سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط پر تمام مشکل معاہدوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، درآمدی بل بہت زیادہ ہے جس کو فورا کم کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کا مجموعی قرضہ جی ڈی پی کا 70 فیصد کے برابر ہے۔

    سٹیٹ بینک حکام کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم یہ نہیں کہیں گے کہ گھبرائیں نہیں، ہم کہتے ہیں گھبرالیں مگر زیادہ نہ گھبرائیں کیونکہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ رواں مالی سال عالمی معیشت کیلئے مشکل ترین سال ہے اور آئی ایم ایف نے بھی اس کا اعتراف کیا ہے، اس وقت عالمی سطح پر جو معاشی صورت حال ہے وہ کورونا سے زیادہ خطرناک ہے‘۔

  • آئی ایم ایف کے ساتھ گیس کی قیمت پر کوئی پیشگی شرط نہیں  البتہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی شرط موجود ہے: مفتاح اسماعیل

    آئی ایم ایف کے ساتھ گیس کی قیمت پر کوئی پیشگی شرط نہیں البتہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی شرط موجود ہے: مفتاح اسماعیل

    وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ گیس کی قیمت پر کوئی پیشگی شرط نہیں  البتہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی شرط موجود ہے۔

    پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ درآمدات کو برآمدات اور ترسیلات زر کے برابر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، بہت سی چیزوں کی امپورٹ پرپابندی لگانے کا فائدہ ہوا اور کچھ پر نہیں ہوا۔ ہم نے پچھلے تین مہینوں میں کوشش کی کہ درآمدات کم کریں اور خوشی کی بات ہے کہ اس ماہ اقدامات کا ثمر آیا ہے۔ جولائی میں 2.6 ملین ڈالرز کی امپورٹ ہوئی، 700 ملین ڈالرز کی تیل کی امپورٹ ہوئی،2 ملین ڈالر کی دیگر امپورٹ آئی ہے،  انرجی امپورٹ میں کمی آئی ہے۔

    ایکسپریس نیوز کے مطابق  وزیر خزانہ نے کہا کہ آج پاکستان میں60 دن کا ڈیزل ہے، جب ڈسکاوٴنٹ دے رہے تھے تو لوگوں نے فیول ذخیرہ کرلیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف ) سے معاہدہ ہوچکا ہے اور اس میں کوئی خلل نہیں۔ کوئی ایسی چیز نہیں کریں گے کہ آئی ایم ایف معاہدے میں خلل پڑے۔  ورلڈ بینک اور ایشیائی بینک کے پیسے بھی آنا شروع ہوجائیں گے۔

    مفتاح اسماعیل نے کہا کہ معیشت اب بھی اچھی چل رہی ہے۔ آئی ایم ایف کو کہہ چکے ہیں کہ معاہدے پر من وعن عمل کریں گے۔ پاکستان معاشی بحران کا اس لیے شکار ہوا کیوں کہ گزشتہ حکومت نے معاہدہ توڑ دیا تھا تاہم بہت مشکل سے دوبارہ بحال کیا ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ گیس کی قیمت پر کوئی پیشگی شرط نہیں ہے البتہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی شرط موجود ہے۔ بجلی کی قیمت میں 7 روہے 91 پیسے اضافے کی تجویز تھی۔

    مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت نے چھوٹے صارفین پر بوجھ نہیں ڈالا اور 60 فیصد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے ریٹ میں اضافہ نہیں ہوگا تاہم قانون کے مطابق گیس ٹیرف پر ازخود نظرثانی کے پابند ہیں۔ دوست ممالک سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ایک دوست ملک موٴخرادائیگی پر 1.2 ارب ڈالر کا تیل فراہم کرے گا، ایک دوست ملک اسٹاک ایکسچینج میں 1 ارب ڈالر سے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ ایک دوست ملک 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹس دے گا جب کہ ایک اور ملک سے 2.4 ارب ڈالر کی ادھار گیس کی سہولت فراہم کرے گا۔

    پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ  نے مزید کہا کہ ایک دوست ملک سے 2 ارب ڈالر کے مساوی ایس ڈی آرز ملیں گے جبکہ مجموعی طور پر اس مالی سال 8 ارب ڈالر حاصل ہوں گے۔ وزیرخزانہ نے دعویٰ کیا کہ ہماری فنڈنگ کی ضروریات پوری ہوگئی ہیں۔

  • بجلی فی یونٹ 11.39 روپے  مہنگی کی جائے ، کے الیکٹرک نے نیپرا کو درخواست دیدی

    بجلی فی یونٹ 11.39 روپے مہنگی کی جائے ، کے الیکٹرک نے نیپرا کو درخواست دیدی

    کراچی والوں کیلئے بری خبر ہے کہ  کے الیکٹرک  نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 11 روپے 39 پیسے اضافے کی منظوری کیلئے نیپرا کو درخواست دیدی ہے ۔

    نجی ٹی وی نیوز کے مطابق  کے الیکٹرک کی جانب سے  نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو  دی گئی درخواست  میں جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا کو دی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فی یونٹ  بجلی 11.39 روپے مہنگی کی جائے ۔

    کے الیکٹرک کی درخواست پر نیپرا  28 جولائی کو سماعت کرے گا۔