چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کر کے 6 روز میں الیکشن کا اعلان کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جناح ایونیو اسلام آباد پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آزادی کی تحریک کو ناکام بنانے کیلئے ہر طرح سے کوشش کی گئی مگر میری قوم آزادی کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے ، ملک پر امریکی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی جسے کسی صورت قوم قبول نہیں کرے گی،میر جعفر اور میر صادق امریکی سازش کا حصہ تھے ، ان کی آدھی سے زیادہ کابینہ ضمانتوں پر ہے ، اس امپورٹڈ وزیر اعظم اور اس کے بیٹے کو سزا ہونی تھی ، اس سے زیادہ کیا توہین ہو گی قوم کی کہ اقتدار چوروں کو سونپ دیا گیا ،جس طرح سازش سے ہمیں ہٹایا گیا،عوام میں شدید غصہ ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کیا ہم نے بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کے لانگ مارچ کی راہ میں رکاوٹیں حائل کیں ، پر امن احتجاج ہمارا حق کیوں نہیں ہے ؟، ہماری آزادی کی تحریک میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،ہمارےکارکنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی،قوم کی خواتین کوسلام پیش کرتاہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا تھا کہ الیکشن کی تاریخ ملنے تک یہیں بیٹھوں گا مگر 24 گھنٹے میں جو ملکی حالات دیکھے وہ انتشار کی طرف جا رہے ہیں ، حکومت کی جانب سے عوام اور پولیس میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اگر 6 روز میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ ہو اتو کارکنوں کے ہمراہ دوبارہ آؤں گا۔
Leave a Reply