پنجاب میں 19نئے تھانے بنانے کا فیصلہ ، آئی جی نے حکم دیدیا

مالی سال 2022-23ءمیں پنجاب میں 19نئے پولیس سٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب (آئی جی پنجاب)راﺅ سردار علی خان نے حکم دیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں تھانوں، پولیس دفاتر، پولیس لائنز اور دیگر زیرتعمیر پراجیکٹس پر کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ 

آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ریجنل پولیس آفیسرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کے ساتھ مل کر محکمے کے تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام بروقت مکمل کرائیں۔ بتایاگیا ہے کہ پنجاب پولیس نے مالی سال 2021-22ءمیں ملنے والے ترقیاتی بجٹ کا 99فیصد استعمال کیا۔ بجٹ استعمال کرنے کی یہ شرح گزشتہ 10سال میں سب سے زیادہ تھی۔ موجودہ مالی سال میں پنجاب پولیس کی 197ترقیاتی سکیمیں ہیں جن میں سے 49نئی عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔

ان 49نئی سکیموں کے لیے اب تک 1ارب 2کروڑ 69لاکھ روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس رقم میں سے 37کروڑ 68لاکھ 20ہزار روپے 19نئے تھانوں کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی جبکہ 68کروڑ 18لاکھ 30ہزار روپے اضلاع کو دیئے جائیں گے۔واضح رہے کہ تھانوں کی یہ نئی عمارات لاہور، راولپنڈی، چکوال، جہلم، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ساہیوال، پاکپتن، ملتان، راجن پور، مظفر گڑھ، بہاولنگر اور چنیوٹ میں تعمیر کی جا رہی ہیں۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *