بلدیہ عظمی لاہور کے سابق ڈپٹی میئرز کو ایڈمنسٹریٹرز لگانے کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوسکا

Written by on May 24, 2022

بلدیہ عظمی لاہور کے سابق ڈپٹی میئرز کو ایڈمنسٹریٹرز لگانے کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوسکا ۔حکومتی ارکان اسمبلی کی اکثریت اس  فیصلے میں رکاوٹ بن گئی ۔ارکان اسمبلی میونسپل سروسز کے اداروں میں سابق بلدیاتی نمائندوں کو فری ہینڈ دینے کے حامی نہیں ہیں ۔

ایوان وزیر اعلی میں خصوصی مشیر وزیر اعلی پنجاب خواجہ احمد حسان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سابق ڈپٹی میئرز کو متحرک ہونے کی ہدایت کی گئی تھی جس میں عندیہ دیا گیا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات تک وہ زونل سطح پر ایڈمنسٹریٹر کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے جس کا جلد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔اس اہم اجلاس میں سابق ڈپٹی میئر واہگہ زون مشتاق مغل ،محمد بلال چوہدری  شالیمار زون،  حاجی اللہ رکھا  عزیز بھٹی زون،  نذیر احمد سواتی داتا گنج بخش زون،  میاں محمد طارق سمن آباد،  زون اعجاز احمد حفیظ گلبرگ،  مہر محمود احمد علامہ اقبال زون اور سابق ڈپٹی میئر نشتر زون راؤ شہاب الدین نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد مسلم لیگ ن کے ہی ارکان اسمبلی کا ردعمل آیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ وہ کریں گے۔اس صورتحال میں سابق ڈپٹی میئرز پھر عملی طور پر غیر متحرک ہو گئے ہیں کیونکہ انہیں اپنی ہی جماعت کے ارکان اسمبلی کی مخالفت کا سامنا ہے  ۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمینٹ، لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن ،ایل ڈی اے ،واسا، پی ایچ اے، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ہاؤسنگ ،پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ سمیت دیگر اداروں میں ارکان اسمبلی ہی لیڈ کر رہے ہیں ۔لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے نو  سابق ڈپٹی میئرز نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایوان وزیراعلی  میں منعقدہ اجلاس میں جس اسائنمنٹ کا فیصلہ ہوا اس کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا نہ ہی کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist