پولیس نے سیالکوٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے بلا اجازت سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کے انتظامات کرنے پر کریک ڈاون کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ۔
نجی ٹی وی نیوزکے مطابق پولیس نے جلسہ گاہ سے رہنما تحریک انصاف علی اسجد ملہی اور سابق ڈی جی اینٹی کرپشن اسلم گھمن کو بھی حراست میں لے لیا۔جلسہ گاہ سے سامان ہٹائے جانے پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی جس پر پولیس کی جانب سے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی۔تحریک انصاف کے کارکنوں کے منتشر ہونے کے بعد کرین کی مدد سے جلسہ گاہ سے سامان کو ہٹایا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عمران قریشی کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کی تھی لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف کی جانب سے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں جاری تھیں۔ ہم انہیں جلسے کے لیے متبادل جگہ دینے کے لیے تیار ہیں۔سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کی کال پر مسیحی کمیونٹی سراپا احتجاج ہے ،مسیحی کمیونٹی نے ہائیکورٹ میں سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کیخلاف درخواست دی تھی، ہائیکورٹ کا حکم ہے کہ گراؤنڈ میں جلسے کو روکیں۔
Leave a Reply