وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس سے شاہ محمود قریشی کی ملاقات، کن اہم امور پر گفتگو ہوئی؟ تفصیلات جانئے

Written by on May 12, 2022

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیرسردار تنویر الیاس خان سے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اسلام آباد میں اہم ملاقات ،ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا،سابق وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی نے سردار تنویر الیاس کو وزیراعظم آزادکشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور آزاد کشمیر میں وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں قائم پی ٹی آئی کی حکو مت کے لیئے نیک خواہشات کا اظہار کیا.

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو جو اقدامات کیے وہ غیر قانونی ہیں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے بر عکس ہیں، ہماری حکومت نے بھارت سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کے اقدامات واپس لینے تک کسی بھی قسم کی بات چیت سے انکار کیا تھا، لیکن موجودہ حکومت اس کے بر عکس بھارت سے دوستی کا ہاتھ بڑھا رہی ہے،جو کشمیری عوام کی امنگوں کے بر عکس ہے.

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا حقیقی وکیل ہے، کشمیری پاکستان کو اپنی منزل سمجھتے ہیں، پاکستان نے ہر محاذ ہر کشمریوں کا ساتھ دیا،کشمیر ی عوام پاکستان سے عقیدت رکھتے ہیں اور آئے روز اپنے شہیدوں کے جنازے سبز ہلالی پرچم میں دفنا کر نظریہ الحاق پاکستان پر مہر ثبت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھانے کے باجود کشمیری عوام کے پایہ استقلال میں لغزش نہیں لا سکا۔ہندوستان کشمیریوں کے جذبہ حریت سے خوفزدہ ہے اس لیے کشمیریوں کی تحریک کو دبانے کے لیے مکروہ ہتھکنڈے استعمال کر رہاہے۔

وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں کشمیر کا مقدمہ جاندار انداز میں لڑا اور اقوام عالم کے فورم پر کشمیریوں کی حقیقی نمائندگی کی ہے۔پاکستان کشمیر یوں کے لیئے آخری امید ہے،کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کا ایک ہی موقف ہے،ہمیں سیاست سے با لا تر ہو کر مظلوم کشمیریوں کے لیئے آواز بلند کر نا ہو گی۔ ملاقات میں سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق،خواجہ فاروق احمد،ماجد خان،چوہدری علی شان سونی،ریاض گجر،جاوید بٹ ودیگر موجود تھے۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist