پی آئی اے نے ایئر بس A320 طیاروں پر پائلٹس کی ٹریننگ کے لئے سمولیٹر حاصل کر لیا، خطے کی پہلی ایئر لائن بن گئی

 پی آئی اے نے ایئر بس A320 طیاروں پر پائلٹس کی ٹریننگ کے لئے سمولیٹر حاصل کر لیا۔ یہ ملک اور خطے میں ایئر بس A320 کا پہلا مکمل سمولیٹر ہے۔ سمولیٹر برطانیہ کی کمپنی Harris سے حاصل کیا گیا ہے۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں سمولیٹر کی باقاعدہ تنصیب کے کام کے آغاز کی تقریب کا افتتاح کیا۔برطانیہ کی کمپنی سے حاصل کردہ یہ سمولیٹر پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا سمولیٹر ہے اور یہ ایئر لائن کے پائلٹس کو اعلیٰ معیار کی تربیت فراہمی میں مددگار ہو گا۔ 

اس سمولیٹر کے حصول کا بنیادی مقصد پی آئی اے کے عملے کی تربیت پر اٹھنے والے اخراجات کو بچانا اور پاکستان کی دیگر ایئرلائنز اور غیر ملکی ایئرلائنز کے عملے کو بھی تربیت دے کر ایئر لائن کے لیے اضافی آمد ن کا حصول ہے۔اس سے پہلے پی آئی اے پہلے 320A طیاروں کے پائلٹس کی ٹریننگ بنکاک، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک میں کرتی تھی جس پر بہت زیادہ اخراجات آتے تھے اور ٹریننگ کے اخراجات کی ادائیگی بھی غیر ملکی کرنسی میں کرنی ہوتی تھی لیکن اب غیر ملکی پائلٹوں کی ٹریننگ سے پی آئی اے کو غیر ملکی کرنسی حاصل ہو گی۔A320 طیارے پی آئی اے اور خطے کی دیگر ایئر لائنزمیں بڑے پیمانے پر استعمال کیے جا رہے ہیں۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے حکام کو ٹریننگ سینٹر میں تنصیب کا کام شروع کرنے پر مبارکباد دی اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس کے جلد استعمال کے لیے کم سے کم مدت میں تنصیب کے کام کو مکمل کی جائے۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *