Author: Prime FM92

  • پنجاب میں کورونا وائر س کے ایکٹو کیسز کی تعداد25ہزار سے تجاوز کر گئی

    پنجاب میں کورونا وائر س کے ایکٹو کیسز کی تعداد25ہزار سے تجاوز کر گئی

     

    پنجاب میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی تعداد25ہزار564ہوگئی جبکہ کیسزکی مجموعی تعداد 3لاکھ89ہزار689ہوگئی۔صوبہ بھر میں تین لاکھ 52ہزار328 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق سیکرٹری صحت پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید ایک ہزار392کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ لاہور میں کورونا سے 13 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

    سیکرٹری صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کورونا سے ٹوٹل 40 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد11ہزار797ہوگئی ہے۔

  • اسلام آباد کے تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے اور اوپن مائیک نصب کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد کے تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے اور اوپن مائیک نصب کرنے کا فیصلہ

     

    اسلام آباد کے تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے اور اوپن مائیک نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،افسران اپنے دفاتر سے تھانے میں سائلین سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے خود بات کریں گے ۔

    پولیس ترجمان کے مطابق  آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ کسی بھی تھانے میں شہریوں سے غیر مہذب رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا،اسلام آباد کے تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگیں گے اور کیمروں کے ساتھ مائیک بھی نصب ہوں گے، جو پولیس اہلکار یا افسر داد رسی کے لیے تھانے آنے والے سائل کے ساتھ بد تمیزی یا نازیبا رویہ اختیار کرے گا، اس کی خیر نہیں۔آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز نہ صرف کیمروں سے مانیٹرنگ کریں گے بلکہ خود سائلین سے بات بھی کر سکیں گے۔یہ فیصلہ پولیس کے سائلین کے ساتھ انتہائی شرمناک اور نازیبا رویے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر آنے کے بعد کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کی زیر صدارت کرائم میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی تھانے میں شہریو ں سے غیر مہذب رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔تمام زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز کو روزانہ ایک گھنٹہ اپنے دفتر میں شہریوں سے ملاقات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

  • پنجاب کے 11 اضلاع میں لاک ڈاؤن لگادیا گیا، نوٹیفکیش جاری، کیا کھلا رہے گااور کیا بند ہوگا؟ آپ بھی جانیں

    پنجاب کے 11 اضلاع میں لاک ڈاؤن لگادیا گیا، نوٹیفکیش جاری، کیا کھلا رہے گااور کیا بند ہوگا؟ آپ بھی جانیں

    پنجاب حکومت نے کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر  11 اضلاع لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، بہاولپور، گجرانوالہ اور رحیم یار خان میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے اس حوالے سے  نوٹیفیکیشن  جاری کردیا گیا ہے۔لاک ڈاؤن  15 ستمبر تک نافذ کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن  کے مطابق ان 11 اضلاع میں ان ڈور ڈائننگ بند رہے گی،آوٹ ڈور ڈائننگ کورونا ایس او پیز کے ساتھ رات 10 بجے تک ہوگی۔ان ڈور فنگشنز بند ہونگے، آوٹ ڈور فنگشنز ایس او پیز کے ساتھ 300 افراد تک کی اجازت ہوگی۔پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد تک مسافروں کے ساتھ چلے گی۔تمام واٹر سپورٹس اور سوئنگ پولز بند رہیں گے۔پبلک پارکس ایس او پیز کے ساتھ کھول سکتے ہیں۔جم خانہ جات میں ویکسینیٹڈ لوگوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔لاک ڈاؤن کے دوران ہفتے اور اتوار کو مارکیٹس بند رہینگی۔

  • ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (ہفتے) کا دن کیسا رہے گا؟

    ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (ہفتے) کا دن کیسا رہے گا؟

    برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

    خود کو بندش میں مبتلا محسوس کررہے ہیں، جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں، ناکامی کا سامنا ہے۔ ان حالات میں استخارے سے مدد لیں اور سیدھے راستے چلیں۔

    برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

    آپ جس خوف میں مبتلا ہیں۔ وہاں سے اب کسی بھی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔آپ بالکل بے فکر ہو کر اپنے مقصا دکی جانب پیش قدمی کریں۔ اللہ پاک بہتر کرے گا۔

    برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

    آپ زیادہ وقت خانگی امور اور فضول کاموں میں گزارتے ہیں۔ حالانکہ زائچے میں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ جو وجہ پریشانی ہو۔ پھر بھی ان امور سے باہر نہیں آتے غور کریں۔

    آپ کی ایک دلی خواہش آج پوری ہونے جا رہی ہے۔ جس بات کو لے کر پریشان تھے۔ اس کا کوئی حل تو ضرور نکالے گا اور آج کا دن مالی حوالے سے بھی اچھا ہے۔

    برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

    ایک ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ آمدن اتنی ہے۔ پریشانی تو بنتی ہے، مگر اللہ پاک تو میں نا پھر کس بات کا خوف۔ ان شاءاللہ آج شام سے ہی سلسلہ بن جانے کی امید ہے۔

    برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

    ایک بار کا شخص ضرورت سے زیادہ ذاتی زندگی میں مداخلت کررہا ہے۔ آپ فوری طور پر اس سے دور ہو جائیں ورنہ آپ کے لئے مسئلہ پیدا ہو جائے گا۔ آج وارننگ ہے۔

    برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

    کسی نہ کسی جگہ کوئی گڑ بڑ ضرور ہے۔ یا آپ کے رزق کا حصول ٹھیک نہیں جو بلاوجہ کی پریشانیوں پر دوسرے دن آ جاتی ہیں۔ اپنی اصلاح کریں اور توبہ سے بھی کام لیں۔

    برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

    آج کا دن تو اچھا ہے مگر ابھی آپ کو وہ مطلوبہ نتائج نہیں مل رہے۔ جن کی تلاش تھی۔ میرے خیال میں ابھی صبر کرنا ہوگا اور اپنے آپ کو دوسروں سے چھپا کر بھی رکھیں۔

    برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

    آپ سنجیدہ کیوں نہیں ہوتے۔ اگر معاملات ایسے ہی چلتے رہیں گے تو دن بدن نیچے ہی آتے چلے جائیں گے۔ آج وارننگ ہے، جلدی سے اپنی اصلاح کریں اور زبان بند رکھیں۔

    برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

    آپ جس چیز کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔ وہ فی الحال آپ کو نہیں ملنے والی۔ وقت بے کار کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ان دنوں جو مل رہا ہے۔ اس کا شکر ادا کریں۔

    برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

    آج ایک اچھی خبر آپ کی مشکلات کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگی اور جس بھی طرف سے امید لگا رکھی تھی وہ پوری ہونے کا امکان بھی نظر آتا ہے، اچھا دن ہے۔

    برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

    ایک اہم سلسلہ بن جانے کا امکان اور بلاک رقم کی واپسی کی امید بھی ہے۔ آج کا دن آپ کو اپنے معاملات میں کافی بہتری دکھائے گا اور نیا رشتہ بھی قائم ہو سکتا ہے

  • ’ خود احتسابی نہ کی تو 700 سال  گزرنے کے بعد بھی صورتحال جوں کی توں رہے گی ‘ شہباز شریف کراچی میں کھل کر بول پڑے

    ’ خود احتسابی نہ کی تو 700 سال گزرنے کے بعد بھی صورتحال جوں کی توں رہے گی ‘ شہباز شریف کراچی میں کھل کر بول پڑے

    مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان آگے چلے گا تو چاروں صوبے بھی آگے چلیں گے،ترقی کریں گے، اجتماعی کوشش کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا ، ذاتی خواہشات اور اغراض سے بلند ہوکر ملک کی خدمت کرنا ہوگی ،قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں نے اس وطن کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں ، ہمیں ان کے خوابوں کو تعبیر دینا ہے،پاکستان کے لئے لوگوں نے اپنی جانیں قربان کیں، ہمیں ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینا ،انتھک محنت سے کام کرکے پاکستان کو ترقی یافتہ ملک کی صف میں لے جانا ہوگا ،ہماری آج بدقسمتی سے یہ حالت ہے کہ ہمسایہ ممالک ہم سے ترقی میں آگے نکل گئے ہیں، خود احتسابی نہ کی تو 700 سال اور بھی گزر گئے تو صورتحال جوں کی توں رہے گی ،آج بھی ہم اپنےساتھ اورقوم سےوعدہ کریں توملک کی حالت بدل سکتےہیں،کراچی کا امن بحال ہونے کا سوفیصد کریڈٹ نوازشریف حکومت کو جاتا ہے ،سی پیک اور پاکستان کے محدود وسائل سے جو منصوبے لگائے، اللہ کے کرم سے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔

     کراچی میں اپنے اعزا زمیں دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ  ن نے 11000 میگاواٹ بنا کر ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا ،اس میں سی پیک اور نان سی پیک منصوبے شامل تھے ،توانائی کی قلت کے خاتمے کی وجہ سے کراچی کی روشنیاں واپس آئیں، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا پھر سے شروع ہوا،سی پیک کے منصوبوں میں پورٹ قاسم میں 1360 میگاواٹ کا کوئلے سے چلنے والا پلانٹ شامل تھا ،حب میں 600 میگاواٹ اور ساہیوال میں 1360 میگاواٹ کی بنیاد رکھی گئی ، یہ سب سی پیک کے منصوبے تھے،اللہ تعالی کی رحمت سے پورٹ قاسم منصوبے سے 7 مہینے پہلے ساہیوال کا پراجیکٹ آپریشنل ہوا۔

    انہوں نے عشائیے سے خطاب میں کہاکہ میں کراچی کی کارروباری شخصیات سے آج ملاقات کرکے بے حد خوش ہوا ہوں ،کراچی کا امن بحال ہونے کا سوفیصد کریڈٹ نوازشریف حکومت کو جاتا ہے ،نوازشریف کی غیرمتزلزل کمٹمنٹ اور خلوص کے باعث کراچی کے شہریوں کو بوری، بھتے اور پرچیوں سے نجات ملی ۔یہاں کے امن وامان کے حالات سے تنگ آکر کاروباری برادریوں نے بیرون ملک منتقل ہونا شروع کردیا تھا، یہ کوئی راز نہیں ،نوازشریف نے سندھ کی حکومت، رینجرز، افواج پاکستان اور تمام شعبہ ہائے زندگی کو اعتماد میں لے کر زبردست پروگرام لانچ کیا،اس مہم کے نتیجے میں سندھ کا امن دہائیوں بعد واپس لوٹ کر آیا تھا،میاں نوازشریف کی کراچی کے حوالے سے سب سے بڑی خدمت کراچی کا امن واپس لے کر آنا ہے ۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ تاریخ کے اوراق میں نوازشریف کی کاوش ہمیشہ یاد رہے گی،نوازشریف کی قیادت میں ہم نے 5000 میگاواٹ ایل این جی کی بنیاد پر 1200، 1200 میگاواٹ کے چار پلانٹ لگائے ،ان پلانٹس میں دنیا کی جدید ترین مشینری لگائی ، یہ سستے ترین اور دنیاکی تاریخ میں تیز ترین رفتار سے مکمل ہونے والے منصوبے تھے ،یہ منصوبے پاکستان اور پنجاب نے اپنے محدود وسائل کے باوجود اپنی جیب سے لگائے،بجلی کی فراہمی سے کاروبار چلا، لوگ برسرروزگارہونا شروع ہوئے، برآمدات شروع ہوئیں،ہم ان مشکل ترین مسائل کا سامنا کرنے میں کامیاب ہوئے ، یہ کوئی معمولی کامیابی نہ تھی، ہم نے دن رات کام کیا،ہم نے اس مقصد کے حصول کے لئے ہم نے اپناخون پسینہ بہایا، دن رات محنت کی،بیوروکریٹس، سیاستدانوں، چین، جرمنی، امریکی ماہرین، ورکروں، ٹیکنیشنز سب نے مل کر کام کیا اوریہ کامیابیاں حاصل ہوئیں ،ہم نے اربوں ڈالرز کے منصوبے لگائے، قوم کے اربوں روپے بچائے اور آج 45 لاکھ کے پھول بوٹوں کے الزام لگائے جارہے ہیں،سی پیک اور پاکستان کے محدود وسائل سے جو منصوبے لگائے، اللہ کے کرم سے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔ہم پہلے پاکستانی ہیں اور پھر ہماری دیگر شناختیں ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے کہاکہ پاکستان آگے چلے گا تو چاروں صوبے بھی آگے چلیں گے،ترقی کریں گے، اجتماعی کوشش کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا ، ذاتی خواہشات اور اغراض سے بلند ہوکر ملک کی خدمت کرنا ہوگی ،قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں نے اس وطن کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں ، ہمیں ان کے خوابوں کو تعبیر دینا ہے،پاکستان کے لئے لوگوں نے اپنی جانیں قربان کیں، ہمیں ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینا،انتھک محنت سے کام کرکے پاکستان کو ترقی یافتہ ملک کی صف میں لے جانا ہوگا ،ہماری آج بدقسمتی سے یہ حالت ہے کہ ہمسایہ ممالک ہم سے ترقی میں آگے نکل گئے ہیں،ادراک کرنا ہوگا کہ 75 سال سے ہم کیوں غیروں کے دست نگر بنے ہوئے ہیں ،سمجھنا ہوگا کہ دست نگر کبھی اپنے آزدانہ فیصلے نہیں کرسکتے،امانت، دیانت اور محنت کواپنا سرمایہ حیات بنانا ہوگا ،چند لوگوں نے جنہیں بوجھ سمجھا تھا، آج ان کی برآمدات 40 ارب ڈالر سے اوپر ہیں،ان کا ٹکا ہم سے زیادہ مضبوط ہے، ہم 20 اور 25 ارب ڈالربرآمدات کے اردگرد گھوم رہے ہیں،آج خود احتسابی کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ سب کیوں ہوا اور ہم کس طرف جارہے ہیں،شہباز شریف نے کہاکہ خود احتسابی نہ کی تو 700 سال اور بھی گزر گئے تو صورتحال جوں کی توں رہے گی ،آج بھی ہم اپنے ساتھ اور قوم سے وعدہ کریں تو ملک کی حالت بدل سکتے ہیں،اپنی حالت بدلنے کے لئے تیار ہوں گے تو اللہ تعالی بھی ہماری مدد فرمائیں گے۔

     

  • محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی

    محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی

    محکمہ موسمیات نے آج شام سے بدھ کے دوران بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مون سون ہوائیں 27 اگست کی شام سے ملک کے بالائی علاقوں میں شدت کے ساتھ داخل ہوں گی جس کے باعث 27 اگست کی شام سے 01 ستمبر کے دوران پنجاب، کشمیر، اسلام آباد، خیبرپختونخوا ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں بارش ہو گی۔

    رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ، راولپنڈی ، اٹک ، چکوال ، جہلم ، گجرات ، منڈی بہاوالدین ،سیالکوٹ ، نارووال ، گوجرانوالہ ، حافظ آباد ، لاہور ، اوکاڑہ، فیصل آباد ، سر گودھا، میا نوالی، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، دیر، چترال، پشاور،کوہاٹ ،وزیرستان، گلگت بلتستان(غذر، استوار، دیامیر، سکردو، گلگت، ہنزہ ،نگر، گانچی اورخرمنگ) میں وقفے وقفے سے تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ 29 اگست کی رات سے 31 اگست کے دوران دیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مظفر آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور قصور میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔30 اگست کی شام سے 01 ستمبر کے دوران ٹانک ،کرک، بنوں،ڈیرہ اسماعیل خان، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، بھکر،لیہ، ساہیوال، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، خانپور، ، خا نیوال، ملتان، کوہلو، لورالائی ، بارکھان، ڑوب، مو سی خیل، کو ئٹہ ، ز یا رت اور قلات میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔

  • پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 95 ہلاکتیں

    پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 95 ہلاکتیں


    سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پھر 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 16 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 95 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 3 ہزار 235 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 42 فیصد ہو گئی۔

    پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 25 ہزار 415 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 44 ہزار 341 ہو چکی ہے۔

    ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 92 ہزار 844 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 515 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 10 لاکھ 26 ہزار 82 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 62 ہزار 496 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 75 لاکھ 20 ہزار 285 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

    پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 لاکھ 54 ہزار 924 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 4 کروڑ 98 لاکھ 83 ہزار 211 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

    سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 27 ہزار 37 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 6 ہزار 766 ہو گئیں۔

    پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 86 ہزار 578 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 11 ہزار 706 ہو چکی ہیں۔

    خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 59 ہزار 483 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 4 ہزار 884 ہو گئیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 97 ہزار 956 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 860 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    کورونا وائرس کے بلوچستان میں 32 ہزار 14 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 338 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

    آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 31 ہزار 478 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 689 مریض وفات پا چکے ہیں۔

    گِلگت بلتستان میں 9 ہزار 795 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 172 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

  • بشریٰ انصاری کو ملکہ ترنم کی یاد ستانے لگی

    بشریٰ انصاری کو ملکہ ترنم کی یاد ستانے لگی


    1978ء سے شوبز انڈسٹری پر راج کرنے والی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی جانب سے ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کو انوکھے انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

    بشریٰ انصاری نے اپنی سُریلی آواز میں ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کا مشہور گیت ’جا جا وے تینوں دل دیتا‘ گنگنا کر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
    https://www.instagram.com/tv/CTDchIang49/?utm_source=ig_embed&ig_rid=2503ebce-19f5-4824-ac6e-0ee253054190
    اداکارہ نے اپنی یہ ویڈیو اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بشریٰ انصاری بڑی ہی خوبصورتی سے میڈم نور جہاں کا گیت گنگنا رہی ہیں۔

    بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’وہ میڈم نور جہاں کو بہت زیادہ یاد کررہی ہیں۔‘

    ایک منٹ پر مشتمل اس ویڈیو کو اب تک کئی صارفین لائک کرچکے ہیں جبکہ اداکارہ کے لیے تعریفی تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
    دوسری جانب بھارتی صحافی کی جانب سے بھی بشریٰ انصاری کی گلوکاری کی تعریف کی گئی۔

    خیال رہے کہ بلھے شاہ کی نگری قصور میں آنکھ کھولنے والی اللہ وسائی نے بڑے ہو کر نور جہاں کے نام سے شہرت پائی،اداکاری ہو یا گلوکاری نورجہاں کا انداز شاندار، منفرد اور ہر دیکھنے والے کی پسند کا حصہ رہا۔

    نورجہاں نے سدابہار آواز کے ساتھ بچپن میں ہی گلوکاری اور اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور 74 سالہ کیرئیر میں مختلف زبانوں میں تقریباً 20 ہزار سے زائد گیتوں کو اپنی آواز سے یادگار بنایا۔
    ملکہ ترنم نے اردو، پنجابی، فارسی، بنگالی، پشتو، سندھی اور ہندی زبان میں تقریباً ہزاروں گانے گائے اور ہر طرف دھوم مچادی، میڈم نور جہاں 2000ء میں ہمیشہ کے لیے ہم سے بچھڑ گئیں لیکن اُن کی آواز آج بھی چاہنے والوں کے کانوں میں رس گھولتی رہے گی۔

  • کابل ایئرپورٹ پر دھماکے، امریکی فوجیوں سمیت 60 افراد جاں بحق، 140 زخمی

    کابل ایئرپورٹ پر دھماکے، امریکی فوجیوں سمیت 60 افراد جاں بحق، 140 زخمی


    کابل ایئرپورٹ کے قریب یکے بعد دیگر دو دھماکوں کے نتیجے میں بچوں اور امریکی فوجیوں سمیت 60 افراد جاں بحق جبکہ 140 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کابل ایئرپورٹ کے باہر دھماکے کی پنٹاگون پریس سیکریٹری نے بھی تصدیق کردی۔

    عرب میڈیا کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ اس دھماکے میں بچوں اور امریکی فوجیوں سمیت 60 افراد جاں بحق جبکہ 140 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ کی حدود میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، جبکہ دھماکے کے بعد طالبان نے ایئرپورٹ کے اطراف کی سیکیورٹی سخت کردی۔

    افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کا ہدف کابل ایئرپورٹ کے باہر جمع لوگ تھے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ترجمان پنٹاگون کا کہنا تھا کہ کابل ایئرپورٹ پر دھماکے میں جانی نقصان کے متعلق ابھی واضح نہیں ہیں۔

  • زر مبادلہ ذخائر میں 4.88 کروڑ ڈالر کی کمی، اسٹیٹ بینک

    زر مبادلہ ذخائر میں 4.88 کروڑ ڈالر کی کمی، اسٹیٹ بینک


    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ زر مبادلہ ذخائر 20 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے میں 4.88 کروڑ ڈالر کم ہوئے ہیں۔

    ایس بی پی کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر 20 اگست تک 24 ارب 61 کروڑ 93 لاکھ ڈالر رہے ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر4.7 کروڑ ڈالر کم ہو کر 17.57 ارب ڈالر رہے۔

    اسی طرح کمرشل بینکوں کے ذخائر 18 لاکھ ڈالر کم ہو کر 7.04 ارب ڈالر رہے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے ملنے والی رقم 2 ستمبر کے ذخائر میں شامل ہوگی، آئی ایم ایف سے ایس ڈی آر کی مد میں 2.75 ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں۔