Author: Prime FM92

  • بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی انتقال کرگئے

    بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی انتقال کرگئے

    سینئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی طویل عرصے سے بیمار تھے، وہ آج سرینگر میں انتقال کرگئے۔

    مقبوضہ کشمیر انتظامیہ نے سید علی گیلانی کو کئی برس سے گھر پر نظر بند کر رکھا تھا، ان کی عمر اکانوے 91 برس تھی۔

    حریت رہنماعبدالحمید لون نے سید علی گیلانی کے انتقال کی تصدیق کی اور کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بانی سید علی شاہ گیلانی اب ہم میں نہیں رہے۔ 

    ان کا کہنا تھا کہ سید علی شاہ گیلانی کا انتقال آج رات 10 بجے سرینگر میں ہوا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی 29 ستمبر 1929 کو پیدا ہوئے تھے۔

    مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی میں سید علی گیلانی کا اہم کردار رہا، وہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سربراہ بھی رہے۔

    سید علی گیلانی جماعت اسلامی جموں کشمیر کے رکن بھی رہے، بعد میں سید علی گیلانی نے تحریک حریت کے نام سے اپنی جماعت بنائی۔

    مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سید علی گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ 

    ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی ہمیشہ اپنے اصولوں پر کاربند رہے، ان سے اختلاف کے باوجود ان کی ہمیشہ عزت کی۔

  • بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ ، پہلا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا

    بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ ، پہلا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا

    نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20میچ آج کھیلا جائے گا۔

    کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کر ک انفو کے مطابق پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے آج فیلڈنگ،بیٹنگ اور باؤلنگ کی خوب پریکٹس کی۔نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کے دورے کے بعد پاکستان پہنچے گی جہاں وہ پاکستان کے ساتھ ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کھیلے گی۔

  • امریکی صدر کا قوم سے خطاب، افغانستان کے بعد اب امریکہ کو کن ممالک سے خطرات ہیں؟ چار ممالک کے نام لے دئیے

    امریکی صدر کا قوم سے خطاب، افغانستان کے بعد اب امریکہ کو کن ممالک سے خطرات ہیں؟ چار ممالک کے نام لے دئیے

    امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ہمیں صومالیہ اور سوڈان سے خطرات کا سامنا ہے،امریکہ کو چین اور روس کی جانب سے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے،روس اور چین چاہتے ہیں کہ امریکہ افغانستان میں الجھا رہے۔

    امریکی قوم سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ  افغانستان میں ہم نے آئی ایس آئی ایس کی کمر توڑ دی،30ہزار افغان فوجیوں کو 20 سال تک تربیت دی۔ہمیں یقین تھا کہ افغان سیکیورٹی فورسز  طالبان کا مقابلہ کرسکتی ہیں۔امریکہ کو اندازہ نہیں تھا کہ افغان صدر اشرف غنی ملک سے فرا ر ہوجائے گا۔مشکل حالات میں کابل سے فوجیو ں اور شہریوں کے انخلا کا خطرناک چیلنج پورا کیا،کابل کی سیکیورٹی کے لیے چھ ہزار امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی منظوری دی۔انخلا کو کامیاب بنانے پر فورسز اور سفارتی عملے کا  شکر گزار ہوں،100 سے 200 امریکی باشندے اب بھی افغانستان میں موجود ہیں۔داعش کے حملے میں ہلاک ہونے والے 13 امریکی فوجیوں کا کوئی نعم البدل نہیں۔طالبان کے ساتھ ملکر کام کرنے کا فیصلہ قبل ازوقت ہوگا۔افغانستان سے جو بھی جانا چاہے اسے اجازت ہو،طالبان اپنا وعدہ پورا کریں۔طالبان نے خود انخلا کے لیے محفوظ راستہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔افغانستان سے انخلا کی خواہشن رکھنے والوں کی مدد کریں گے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میرے اقتدار میں آنے سے قبل 2020 میں طالبان سے معاہدہ ہوچکا تھا۔اپریل میں امریکی انخلا کا فیصلہ کیا امید تھی افغان حکومت معاملات کو سنبھال لے گی۔امریکی فوجیوں نے 17 دنوں میں ہزاروں شہریوں کو افغانستان سے نکالا۔افغانستان کی سرزمین کسی اور ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔طالبان کے الفاظ نہیں ان کے عمل پر یقین کریں گے۔سلامتی کونسل نے بھی طالبان کو اپنے وعدے پورے کرنے کا کہا ہے۔یقینی بنائیں گے کہ افغانستان کی سرزمین دوبارہ امریکہ یا اس کے اتحادیوں کے خلاف استعمال نہ ہو۔ہم افغانستان میں عدم استحکام نہیں چاہتے۔امریکی فوجیوں نے خطرناک مشن کو بہترین طریقے سے سرانجام دیا۔ہم 90 فیصد امریکی شہریوں کو افغانستان سے نکال چکے ہیں۔غیر سرزمین پر فوجیوں اور اربوں ڈالر سے امریکہ کو محفوظ نہیں بنایاجاسکتا۔ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔دنیا تبدیل ہورہی ہے ہم چائنہ کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں۔سائبر حملے ہورہے ہیں ،نیوکلئیر مواد کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ہم بھولیں گے نہیں جو بھی امریکہ پر حملہ کرے گا اسکو بدلہ لیا جائے گا۔امریکہ غیر معینہ مدت تک افغانستان میں نہیں رہ سکتا تھا۔افغانستان میں تیسری دہائی گزارنا بھی ہمارے مفاد میں نہیں تھا۔

  • والدین بچیوں کو تعلیم دینا چاہتے ہیں ، مگر ریاست ذمہ داری پوری نہ کر سکی ، وزیر اعظم

    والدین بچیوں کو تعلیم دینا چاہتے ہیں ، مگر ریاست ذمہ داری پوری نہ کر سکی ، وزیر اعظم

    احساس تعلیم پروگرام  کے تحت مستحق طلبا کو وظائف کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے میں والدین بچیوں کو تعلیم دینا چاہتے ہیں ، مگر ریاست ذمہ داری پوری نہ کر سکی ۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں پورا پاکستان گھوما ہوں ، مجھے کہیں ایسے والدین نظر نہیں آئے جو اپنی بچیوں کو تعلیم نہ دلوانا چاہتے ہوں  لیکن وہاں مسائل کچھ اور تھے جیسے بچیوں کے سکول نذدیک نہیں تھے یا وہاں ٹیچرز نہیں تھے ۔

    عمران خان ن کہا کہ بچے اور بچیوں کی سکول جانے والی تعداد میں بہت زیادہ فرق ہے ، بچیوں کی سکولوں میں حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ، 

    ماضی میں ہماری حکومتوں نے  لڑکیوں کی تعلیم کو اہمیت نہیں دی ، کسی بھی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ وہاں کے عوام ہوتے ہیں اور عوام کو سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے ، ماضی کی حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکیں ۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ وظائف پروگرام کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال پروگرام میں شفافیت لائے گا ، ہمارے ہاں یہ بہت بڑی بد قسمتی ہے کہ فیک انٹریز ہوتی ہیں ، یہاں پر تو گھوسٹ سکول بھی ہیں ، آئی ٹی کے استعمال سے اس مسئلے پر بھی قابو پایا جائے گا ، پڑھی لکھی خاتون اپنے معاشرے کو فائدہ پہنچاتی ہے ۔

    اس سے قبل ڈاکٹر ثانیہ نشتر  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار مستحق طلبا کو تعلیمی وظائف دیے جا رہے ہیں ، 4 سے 22سال کی عمر کے طلباء وظائف سے مستفید ہوں گے ، وظائف ان والدین کو دیے جائیں گے جو بچوں کی 70 فیصد حاضری کو یقینی بنائیں گے ۔

  • مسلم لیگ ن کا میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوہر فورم پر روکنے کا فیصلہ

    مسلم لیگ ن کا میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوہر فورم پر روکنے کا فیصلہ

    سلم لیگ (ن) کی جانب سے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوپارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر روکنے کا فیصلہ کر لیاگیا۔لیگی صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلا س میں میڈیا سے متعلق کا لا قانون روکنے کے لیے اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔کمیٹی بل کے قانونی اور دیگر پہلووں کا جائزہ لے کر حکمت عملی تجویز کرے گی۔

    نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے صدرشہباز شریف کی زیر صدارت میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق پارٹی کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں شہبازشریف نے پارٹی رہنماوں کو صحافتی تنظیموں سے ہونے والی ملاقات سے متعلق آگاہ کیا۔

     موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میڈیا کی تمام نمائندہ تنظیموں نے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مسترد کیا ہے ،پی ایم ڈی اے ایک کالا قانون ہے، ہر فورم پر روکیں گے اور تمام قانونی آپشنز کا استعمال کریں گے،حکومت کا مقصد قانون سازی یا امور بہتر بنانا نہیں بلکہ میڈیا کو اپنا تابع فرمان بنانا ہے ۔

     اپوریشن لیڈر نے کہا کہ نام نہاد قانون کی تیاری میں متعلقہ فریقین سے مشاورت نہیں ہوئی اور نہ ہی اس میں متعلقہ فریقین سے تجاویز اور آرا لی گئی ہیں،یہ کالا قانون منظور ہوا تو ملک سے اظہاررائے کی آزادی کا وجود مٹ جائے گا،آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے کا راستہ ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔

  • سپریم کورٹ کا احاطہ عدالت سے ملزم کی گرفتاری پر نیب کو تحریری معافی نامہ جمع کرانے کا حکم

    سپریم کورٹ کا احاطہ عدالت سے ملزم کی گرفتاری پر نیب کو تحریری معافی نامہ جمع کرانے کا حکم

    سپریم کورٹ نے مضاربہ سکینڈل کے ملزم سیف الرحمان کی احاطہ عدالت سے گرفتاری پر قومی احتساب بیورو(نیب ) کی غیر مشروط معافی مسترد کرتے ہوئے تحریری طور پر معافی نامہ جمع کرانے کا حکم جاری کردیا۔

    نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیا ل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مضاربہ سکینڈل کے ملزم سیف الرحمان کی نیب کی جانب سے احاطہ عدالت میں گرفتاری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی اور ڈی جی ایچ آر نیب سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔سماعت کے دورا ن ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی جانب سے عدالت سے غیر مشروط معافی گئی جسے عدالت عظمیٰ نے مسترد کردیااور تحریری طور پر معافی نامہ جمع کرانے کا حکم دیا۔

    ڈی جی نیب نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ملزم سیف الرحمان پر 116 ارب روپے فراڈ کا الزام ہے اور اس کیس کے 4 لاکھ سے زائد متاثرین ہیں، ملزم ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود5روز تک بااثر شخص کے گھر چھپ گیا تھا اورملزم جس گھر میں چھپا تھا نیب ٹیم 5 روز تک گھر کے باہر ر±کی رہی مگر داخل نہیں ہوئی،میرے 17 سالہ کیریئر میں اس طرح کا یہ پہلا واقعہ ہے،غیر ارادی طور پر نیب اہلکاروں نے سپریم کورٹ کے احاطہ کی توہین کی،خدشہ تھا ملزم ایران کے بارڈر سے فرار ہو جائے گا۔

    قائم مقام چیف جسٹس عمر عطابندیال نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کا دروازہ معصوم اور ملزم سب کے لیے کھلا ہوتا ہے، اگر عدالتی دروازہ پر ظلم ہوگا تو کون عدالت آئے گا،نیب ملازمین نے احاطہ عدالت میں جو کیا اسکی کسی عدالت میں اجازت نہیں، نیب ملازمین کے کنڈیکٹ پر حکم جاری کریں گے ۔ملزم سیف الرحمان کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب اہلکاروں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیاجس پر قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ کھوسہ صاحب، یہ جملہ نہ کہیں، عدالتی توہین ضرور کی گئی ہے، 100ارب روپے سے زائد کے فراڈ کا الزام چھوٹا الزام نہیں ہے،وقفہ کے بعد آ کر ضمانت کے معاملے کو سنیں گے۔

  • انخلا کے مزید مسافر امریکی ایئرفورس کی خصوصی پرواز میں اسلام آباد سے امارات روانہ

    انخلا کے مزید مسافر امریکی ایئرفورس کی خصوصی پرواز میں اسلام آباد سے امارات روانہ

    افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد پاکستان منتقل کیے گئے امریکی فوجیوں اور انخلا کے دیگر مسافروں کو لے کر امریکی ایئرفورس کی خصوصی پرواز اسلام آباد سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہوگئی ہے۔

    تین دن کے دوران امریکی ایئر فورس کا یہ تیسرا طیارہ پاکستان سے غیرملکی مسافروں کو لے کر گیا ہے۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یو ایس اے ایف کی پرواز MOOSE44 منگل کی سہ پہر کویت سٹی سے اسلام آباد پہنچی تھی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے امریکی فوجی اور انخلا کے دیگر مسافر خصوصی طیارے میں سوار ہوئے ہیں۔

    یو ایس ایئرفورس کی خصوصی پرواز منگل کی شام 7 بجکر 40 منٹ پر نور خان ایئربیس اسلام آباد سے روانہ ہوئی۔

    اسلام آباد سے امریکی فوجیوں اور انخلاء کے مسافروں کو لے کر جانے والی یہ امریکی ایئرفورس کی تیسری پرواز ہے۔

  • پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 101 اموات

    پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 101 اموات

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 559 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 101 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 4 ہزار 140 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 63 فیصد ہو گئی۔

    سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پھر 31 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

    پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 25 ہزار 889 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 63 ہزار 688 ہو چکی ہے۔

    ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 93 ہزار 901 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار690 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 10 لاکھ 43 ہزار 898 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 53 ہزار 637 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 78 لاکھ 9 ہزار 969 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

    پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 لاکھ 5 ہزار 214 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 5 کروڑ 51 لاکھ 78ہزار 137 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

    سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 32 ہزار 637 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 6 ہزار 910ہو گئیں۔

    پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 94 ہزار 738 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 11 ہزار 915 ہو چکی ہیں۔

    خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار 402 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 4 ہزار 988 ہو گئیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 99 ہزار 516 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 866 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    کورونا وائرس کے بلوچستان میں 32 ہزار 248 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 339 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

    آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 32 ہزار 228 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 698 مریض وفات پا چکے ہیں۔

    گِلگت بلتستان میں 9 ہزار 919 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 173 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

  • کراچی کی فضاؤں میں بو محسوس کیوں ہو رہی ہے؟

    کراچی کی فضاؤں میں بو محسوس کیوں ہو رہی ہے؟

    کراچی کی فضاؤں میں بو محسوس کی جا رہی ہے جس کی وجہ مون سون میں مخصوص آبی حیات کا پیدا ہونا ہے۔

    تیکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف معظم خان کا کہنا ہے کہ   مون سون میں نوکٹیلیوکا نامی آبی حیات پیدا ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قدرتی طور پر موسم اور ہواؤں کی سمت تبدیل ہونے سے یہ آبی حیات سڑجاتے ہیں جس کی وجہ سے بو محسوس ہوتی ہے۔

    تیکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے کہا کہ 2 سے 4 دن تک بوختم ہوجائےگی۔

  • لاہور: پہلے اینٹی ویمن ہراسمنٹ سیل کا قیام

    لاہور: پہلے اینٹی ویمن ہراسمنٹ سیل کا قیام

    لاہور میں پہلے اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائیلنس سیل کے قیام پر تیزی سے کام جاری ہے۔

    پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائیلنس سیل لاہور میں لبرٹی خدمت مرکز کے عقب میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔

    پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سہیل چوہدری نے سیل کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سہیل چوہدری نے نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس خواتین کا تحفظ یقینی بنائے گی، جرائم کے تدارک کے ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کا فروغ بھی ترجیح ہے۔