پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابق سینیٹر اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خالہ بیگم نجمہ حمید طویل علالت کے بعد 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ کی رہنما رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی بڑی بہن اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خالہ تھیں، متوفیہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور راولپنڈی میں پارٹی کی پہچان تھیں، وہ مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی صدر بھی رہیں۔
نجمہ حمید دو بار وہ سینٹ آف پاکستان کی رکن بھی رہیں، انہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف اور ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتہائی قریب سمجھا جاتا تھا، بیگم کلثوم کی سیاسی جدوجہد کے موقع پر بیگم نجمہ حمید نے ان کے ہمراہ بھرپور سیاسی جدوجہد میں حصہ لیا۔