Author: Prime FM92

  • چوہدری پرویز الہٰی نے عمران خان کے دوبارہ منتخب ہونے پر کالا باغ ڈیم بنانے کا اعلان کردیا

    چوہدری پرویز الہٰی نے عمران خان کے دوبارہ منتخب ہونے پر کالا باغ ڈیم بنانے کا اعلان کردیا

    وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے دوبارہ وزیر اعظم بننے کی صورت میں کالا باغ ڈیم بنانے کا اعلان کردیا۔

    تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ  الیکشن کے بعد دو تہائی اکثریت کے ساتھ عمران خان وزیراعظم بنیں گے تو اس وقت کالا باغ ڈیم بنے گا، یہ عمران خان کے علاوہ کوئی نہیں بنا سکتا، اس سے بجلی بنے گی، پانی بھی محفوظ ہو گا، تمام ایکسپرٹ کو دوبارہ بٹھایا جا سکتا ہے، کام شروع کیا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے سیلاب زدگان کیلئے  عمران خان کو بہت زیادہ پیسے دیے، شہباز شریف، کابینہ  اور پی ڈی ایم والے ٹیلی تھون کریں اور پیسے اکٹھے کریں، لوگوں نے وہاں سے ان کو چھتر بھیجنے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال کو 500 بیڈ کا کرنے اور گجرات میں ایک اور نئی یونیورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کی سر زمین وفا کی زمین ہے، یہاں پر سب سے زیادہ نشان حیدر ہیں، ملک کی کوئی ایسی جنگ نہیں جس میں گجرات کے سپوتوں نے جام شہادت اور نشان حیدر نہ لیا ہو، وہ  دعوت دیتے ہیں کہ  عمران خان گجرات سے الیکشن لڑیں، انہیں میانوالی سے زیادہ ووٹ ملیں گے۔

     

  • پنجاب حکومت نے شریف خاندان سے ساری سیکیورٹی واپس لے لی

    پنجاب حکومت نے شریف خاندان سے ساری سیکیورٹی واپس لے لی

    پنجاب حکومت کی جانب سے شریف خاندان کو فراہم کی جانے والی ساری سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔ اس بارے میں  وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے اپنے ایک ٹویٹ میں اعلان کیا۔ انہوں نے کہا “شریف خاندان سے پنجاب پولیس کی تمام سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ صرف شہباز شریف کو ان کے منصب (بلیو بک) کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔”

    اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ  ایڈیشنل ہوم سیکریٹری کی زیرصدارت پراوینشل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں سیکیورٹی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اجلاس میں مریم نواز کی رہائش گاہ رائیونڈ جاتی عمرہ سے بھی گن مین کم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ماڈل ٹاؤن لاہور میں واقع وزیراعظم ہاؤس پر 266 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مریم نواز کی غیر موجودگی میں وزیر اعظم ہاؤس کی سیکیورٹی بھی کم کی جائے گی۔ 

     

  • وزیر اعظم شہباز شریف کا بھارتی ہم منصب سے اظہار تشکر

    وزیر اعظم شہباز شریف کا بھارتی ہم منصب سے اظہار تشکر

    وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی جانب سے سیلاب کے نقصانات پر اظہار افسوس کے جواب میں بھارتی وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سیلاب کے باعث جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس پر نریندر مودی کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام قدرتی آفت کے منفی اثرات پر جلد قابو پا لیں گے۔واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے چند روز قبل پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

  • آئی ایم ایف سے1 ارب 16 کروڑ ڈالر زکی قسط موصول ، سٹیٹ بینک نے تصدیق کر دی

    آئی ایم ایف سے1 ارب 16 کروڑ ڈالر زکی قسط موصول ، سٹیٹ بینک نے تصدیق کر دی

    سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے 1 ارب 16 کروڑ ڈالرزکی قسط موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے ۔

    سٹیٹ بینک نے آئی ایم ایف کی طرف سے 1 ارب 16 کروڑ ڈالرز کی قسط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر رقم موصول ہونے کے بعد 9 ارب30 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کرگئے ہیں،سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت مشترکہ ساتویں اور آٹھویں جائزے کو مکمل کرنے کے بعد قسط موصول ہوئی۔

    واضح رہے کہ پیر کوآئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کے قرض پروگرام میں جون 2023 تک توسیع کی منظوری دینے اور قرض پروگرام 6 ارب ڈالر زسے بڑھا کر ساڑھے 6 ارب ڈالرز کرنے کا اعلان کیا تھا،آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ پا کستان کی معیشت کو چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان کو توانائی کے نقصانات کم کرنا ہوں گے اور ٹیکس آمدنی بڑھانا ہوگی ۔اعلامیے کے مطابق پاکستان کو مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ یقینی بنانا ہو گا، کاروبار کرنے کا ماحول بہتر بنا کر پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے شرح سود میں اضافہ بہتر اقدام ہے۔

  • صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے،سیلاب کی صورتحال اور ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔

    نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ ضلع نصیر آباد کا دورہ کریں گے،نصیر آباد پہنچنے پر قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی صدر مملکت کا استقبال کریں گے،صدر نصیر آباد میں سیلاب کی صورتحال اور ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیں گے، اس کے علاوہ صدر مملکت کو بلوچستان میں سیلاب کے بعد ریسکیو اور بحالی آپریشن پر بھی بریفننگ دی جائے گی جس کے بعد وہ  میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔

  • انٹر بینک میں ڈالر ڈیڑھ روپے سستا،217روپے 25 پیسے کا ہو گیا

    انٹر بینک میں ڈالر ڈیڑھ روپے سستا،217روپے 25 پیسے کا ہو گیا

    کاروباری روز کے آغاز پر ہی انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں ڈیڑھ روپے کمی ہو گئی ہے،انٹر بینک میں ڈالر 217روپے 25پیسے کا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض کی پہلی قسط ایک ارب 10 کروڑ روپے پاکستان کو موصول ہوچکے ہیں جس کی سٹیٹ بینک نے تصدیق بھی کر دی ہے ،پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد روپے کی قدر میں بہتری دیکھائی دے رہی ہے، آخری 3سیشنز میں ڈالر کی قیمت میں 4روپے 67پیسے کمی ہو چکی ہے

  • حریت رہنما سید علی گیلانی کی پہلی برسی کےموقع پر پاک فوج نے پیغام جاری کر دیا

    حریت رہنما سید علی گیلانی کی پہلی برسی کےموقع پر پاک فوج نے پیغام جاری کر دیا

    ریت رہنما مقبوضہ کشمیر سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پرپاک فون نے پیغام جاری کر دیا ہے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈی جی آئی پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم بہادر سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علی گیلانی کی مزاحمت اور مقبوضہ جموں کشمیر میں بدترین بھارتی مظالم کیخلاف ان کی جدوجہد مثالی ہے، علی گیلانی کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد آئندہ نسلوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔

  • 13 ہزار ٹن پیاز درآمد کرنے کے لیے پرمٹ جاری,کن کمپنیوں سے معاہدہ طے کیا گیا ؟جانیے

    13 ہزار ٹن پیاز درآمد کرنے کے لیے پرمٹ جاری,کن کمپنیوں سے معاہدہ طے کیا گیا ؟جانیے

    سیلاب کے باعث فصل تباہ ہونے سے ملک میں پیاز کی قلت کے باعث حکومت نے پیاز اور ٹماٹر کی کمی دور کرنے کے لیے 13 ہزار ٹن پیاز درآمد کرنے کے لیے پرمٹ جاری کردیئے ہیں۔

    نجی ٹی وی “جیونیوز “نے ذرائع وزارت فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے بتایا کہ حکومت نے پیاز کی درآمد کے لیے 13 ہزار ٹن کے درآمدی پرمٹ جاری کردیئے ہیں، امپورٹرز کی جانب سے متحدہ عرب امارات یو اے ای، ترکی، چین کی کمپنیوں سے درآمد کے معاہدے کیے گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق 15 سے 20 دن میں پیاز کی درآمد شروع ہوجائے گی، امپورٹرز کی جانب سے ڈی پی پی سے امپورٹ پرمٹ لینے کا سلسلہ جاری ہے، دریں اثنا ایف بی آر نے قیمتوں کے استحکام کے لیے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر 2ایس آر اوز جاری کر دئیے ہیں، پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مکمل چھوٹ دے دی گئی ہے۔

    حالیہ سیلاب سے ملک بھر میں کھڑی فصلوں کو شدید نقصان سے مقامی منڈیوں میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس پر وزیراعظم نے لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے پیاز اور ٹماٹر کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے جس کے بعد ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی چھوٹ سے پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔

    وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف بی آر نے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر 31 دسمبر، 2022ء تک تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز سے استثنی دے دیا ہے۔ اس سے پہلے ایف بی آر نے ان تمام اشیاء پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی چھوٹ دے دی ہے جن کی تصدیق این ڈی ایم اے یا پی ڈی ایم اے کرے گی۔

     

  • ” سیاسی جنت عوام کے قدموں تلے، صحت اجازت دیتی تو خود متاثرین کے پاس ہوتا” آصف علی زرداری کا بیان آگیا

    ” سیاسی جنت عوام کے قدموں تلے، صحت اجازت دیتی تو خود متاثرین کے پاس ہوتا” آصف علی زرداری کا بیان آگیا

    سابق صدر  آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بارش اور سیلاب کی وجہ سے تکلیف دہ صورتحال ہے۔ صحت اجازت دیتی تو ایسی صورتحال میں متاثرین کے پاس موجود ہوتا۔ بلاول بھٹو زرداری عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وہ عوام کے درمیان ہیں۔

    اپنے ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ انہیں اللہ تعالی کی ذات پر ایمان ہے اور پختہ یقین ہے کہ وہ قوم کو اس مشکل صورتحال سے نکال کر سرخرو ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بارش اور سیلاب کے متاثرین کی دوبارہ بحالی کی ذمے داری ضرور پوری کرے گی۔

    انہوں  نے پیپلزپارٹی کے وزراءاور اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے حلقوں کے عوام کے درمیان رہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگروم کو مزید وسیع کرکے غریبوں کی ہر ممکن امداد کی جائے اور ساتھ ساتھ حکومت پاکستان بیت المال کو متحرک کرکے غریبوں کی مدد کرے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ “عوام کے قدموں میں ہی سیاسی جنت ہے” کے اصول کو مشعل راہ بنایا جائے۔ سابق صدر نے کہا کہ وہ متاثرین سے وعدہ کرتے ہیں کہ ان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سیاست بعد میں ہوتی رہے گی، یہ وقت عوام کی بھرپور خدمت کا ہے۔

  • ہلالِ احمر نے پاکستان کیلئے 572 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کردیا

    ہلالِ احمر نے پاکستان کیلئے 572 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کردیا

    انٹرنیشنل ہلالِ احمر نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے 572 کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کردیا۔

    نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ہلالِ احمر کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 20 کروڑ روپے کی فوری گرانٹ جاری کردی گئی ہے جب کہ باقی رقم بھی قسطوں کی شکل میں جاری کی جائے گی۔

    چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ابرار الحق کا کہنا ہے کہ امدادی رقم 50، 50 کروڑ روپے کی گرانٹ کی شکل میں پاکستان کو منتقل کی جائے گی ۔ انہوں نے پاکستانیوں کو مخاطب کرکے کہا کہ ہلالِ احمر سے امداد ملنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم جو 100، 50 یا اپنی حیثیت کے مطابق امداد کر رہے ہیں اس کو روک دیں، یہ چھوٹی امداد متاثرین کی بحالی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔