اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہباز گل کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کر دیاہے جس کے بعد انہوں نے ٹویٹر پر اپنا پہلا پیغام جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے ٹویٹر پر آیت شیئر کی جس کا ترجمہ ہے ”ہمیں اللہ کافی ہے اور وہ بہت اچھا کار ساز ہے “۔
اس سے قبل بغاوت کے کیس میں سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے ٹرائل کورٹ نے ایک کے علاوہ باقی سب دفعات ختم کیں ، کیا آپ نے کبھی ٹرائل کورٹ کے اس آرڈر کو چیلنج کیا، بغاوت میں کوئی افسر یا اہلکار ملوث ہو تو پھر شہباز گل شامل جرم ہو سکتا ہے، استفسار کیا کہ کیا آرمڈ فورسز کی جانب سے کبھی شکایت درج کرائی گئی ، کیا آرمڈ فورسز ایسے کسی لا پرواہ بیان سے متاثر ہو سکتی ہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شہباز گِل کی تقریر کے بعد انویسٹی گیشن میں کسی سے رابطے کا پتہ چلا؟ ، کیا ابھی تک شہباز گِل کے خلاف کوئی متضاد مواد سامنے آیا ہے؟، پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ قانون کے مطابق بغاوت پر اکسانا بھی اعانت جرم ہے، شہباز گل نے ٹی وی پر بیٹھ کر بات کی جسے ملک کا ہر دوسرا شخص دیکھتا ہے، شہباز گل کے فون کی فرانزک کی رپورٹ آنا باقی ہے، شہباز گِل کا جو موبائل ڈرائیور لے گیا آج تک فراہم نہیں کیا گیا، شہباز گل پراسیکیوشن کے ساتھ تفتیش میں بالکل تعاون نہیں کر رہا۔عدالت نے پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض شہباز گل کی ضمانت منظور کرلی۔