Author: Prime FM92

  • لا پتہ افراد کا مسئلہ ریاست کیلئے چیلنج ہے  جسے مستقل بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں ، وفاقی  وزیر منصوبہ بندی

    لا پتہ افراد کا مسئلہ ریاست کیلئے چیلنج ہے جسے مستقل بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی

    وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ لا پتہ افراد کا معاملہ ریاست کیلئے چیلنج ہے جسے  مستقل بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں ۔ 

    نجی ٹی وی ” جیو نیوز” کے مطابق کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ  پاکستان کی تحریک بیلٹ اور ووٹ کے ذریعے تھی مگر ایوب خان نے پاکستان کی تحریک کو راستے سے ہٹا دیا ۔

    احسن اقبال نے مزید کہا کہ اب طے کرنا ہوگا کہ ملک میں آئین کو بالا دستی حاصل ہے  یا چند طبقوں کو ، معیشت کی مضبوطی کے بغیر پاکستان مضبوط نہیں ہوگا۔

  • ” میں تنخواہ نہیں لیتا لیکن 70 افراد کی کابینہ کا دفاع نہیں کروں گا” وزیر خزانہ نے بھی ہاتھ کھڑے کردیئے

    ” میں تنخواہ نہیں لیتا لیکن 70 افراد کی کابینہ کا دفاع نہیں کروں گا” وزیر خزانہ نے بھی ہاتھ کھڑے کردیئے

    وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہےکہ میں70لوگوں کی کابینہ کا دفاع نہیں کروں گا لیکن میں آپ کو یہ کہہ سکتا ہوں کہ میں تنخواہ نہیں لیتا ہوں۔مجھے یقین ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہوگا کیوں کہ جو پاکستان نے سخت فیصلے کرنے تھے پیٹرول، ڈیزل ، بجلی مہنگی کرنی تھی وہ کرلیں۔آئی ایم ایف کا پروگرام آگیا جو کہ ڈیفالٹ کے خطرے سے بچنے کیلئے بہترین یقین دہانی ہے ۔

    جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اکتوبر سے ٹیرف کم ہوجائے گا بجلی سستی ہوجائے گی ، یہ بات درست ہے کہ ہمیں یہ توقع تھی کہ جب آئی ایم ایف کا بورڈ منظور کرے گاتو تھوڑا سا مزید اعتماد آئے گا۔تھوڑا سا ریزرو بڑھا ہے کیوں کہ آئی ایم ایف کی ادائیگی آئی ہے  مگر ساتھ ساتھ سیلاب آگئے سندھ کی تمام کاٹن پانی میں ضائع ہوگئی سندھ کا دو تہائی چاول خراب ہوگیا تمام کھجور کی فصل خراب ہوگئی۔ کچھ ہماری درآمدت کی طلب بڑھ گئی اور کچھ ہماری برآمدات میں کمی آگئی کیوں کہ چاول وغیرہ اتنے ایکسپورٹ نہیں ہوسکیں گے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں ایک چھوٹی سے توقع آگئی کہ خدانخواستہ شروع میں جو مسئلہ تھا کہ کہیں پاکستان واپس ڈیفالٹ کی طرف تو نہیں چلا گیا۔

    ان کاکہناتھاکہ جب ہم مارکیٹ کو یقین دہانی کرا دیں گے کہ کوئی ڈیفالٹ کا چانس نہیں ہے تو پھر ہم سمجھتے ہیں کہ ڈالر واپس آجائے گا۔پہلے تین مہینوں جولائی ، اگست ، ستمبر میں ہماری برآمدات گزشتہ سال سے زیادہ ہوں گی اور ہماری درآمد ات گزشتہ سال سے کم ہوں گی۔اس وقت دنیا آپ کے ساتھ کھڑی ہے ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے اکتوبرمیں 1.5ارب ڈالر ملیں گے۔چینی بینک پانچ سو ملین دے گاجب کہ ورلڈ بینک سے 500ملین متوقع ہیں ۔ اسکے علاوہ ورلڈ بینک سے سیلاب زدگان کے لئے1.5ارب ڈالر آئیں گے۔

  • پاکستان میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، سراج الحق

    پاکستان میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، سراج الحق

     امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، روپیہ بے وقعت ہو گیا۔ پی ڈی ایم نے ماضی میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کیے، اقتدار میں آ کر عوام پر ظلم کی انتہا کر دی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں سیلابی صورت حال اور بحالی کے اقدامات کے جائزہ کے لیے ایک مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے. 

    سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم معیشت کی تباہی کی ذمہ دار ہیں۔ بیڈگورننس اور تباہ کن معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہو رہے۔ سودی معیشت اور کرپشن نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا۔ حکمران سیاسی جماعتیں وڈیروں کے کلب ہیں، عام آدمی کو ان جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں سے بھلائی کی کوئی توقع نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام سے آئے گی، ملک اسلام کے نام پر حاصل ہوا، اسلام ہی اس کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ قوم کو لڑانے اور تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن حکمران جماعتیں حالات کی نزاکت کو جانتے ہوئے بھی خطرناک کھیل کھیل رہی ہیں۔ حکمرانوں نے تباہ کن سیلاب کے دوران بھی آپسی مفادات کے لیے جنگ جاری رکھی۔ حکمران آف شور کمپنیوں اور بیرون ملک بنکوں سے ذاتی اثاثے اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں۔

    سراج الحق کے مطابق ایک ایجنڈے کے تحت عوام کو مکمل طور پر آئی ایم ایف کی غلامی میں دھکیل دیا گیا۔ استعماری طاقتیں پاکستان کے فیصلے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ملک میں نافذ کرتی ہیں۔ قوم اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرے، مافیاز سے نجات کے لیے جدوجہد کرنا ہر محب وطن شہری پر لازم ہو گیا۔

  • نواز شریف کی زیر صدارت لندن بیٹھک کل ہو گی ، اہم فیصلے متوقع

    نواز شریف کی زیر صدارت لندن بیٹھک کل ہو گی ، اہم فیصلے متوقع

    مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس کل (پیر) کے روز ہوگا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار سمیت دیگر رہنما شریک ہوں گے۔  پاکستان میں موجود مریم نواز سمیت دیگر پارٹی رہنما بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس میں پنجاب میں ممکنہ تحریک عدم اعتماد یا وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنے پر باضابطہ مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق لندن بیٹھک میں نومبر میں اہم تعیناتی کے حوالے سے فیصلے پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

  • بجلی مزید مہنگی کرنے  کی درخواست نیپرا کو موصول ،سماعت 29 ستمبر کو ہو گی

    بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا کو موصول ،سماعت 29 ستمبر کو ہو گی

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست موصول ہو گئی۔نیپرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔سی پی پی اے کی جانب سے فی یونٹ بجلی 22 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے جس پر سماعت 29 ستمبر کو ہو گی۔نیپرا اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سی پی پی اے کی بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کے الیکٹرک کے سوا باقی کمپنیوں کے لیے ہے۔

  • اسلام آباد میں گزشتہ روز ڈینگی کے مزید 96 کیس رپورٹ ،تعداد 1331 ہو گئی

    اسلام آباد میں گزشتہ روز ڈینگی کے مزید 96 کیس رپورٹ ،تعداد 1331 ہو گئی

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 24گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 96 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد1331 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 4افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    نجی ٹی وی “ایکسپریس نیوز “کے مطابق اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی کے 520مریض ہیں، گزشتہ روز شہری علاقے سے ڈینگی کے 46 کیس رپورٹ  ہوئے ، پمز ہسپتال میں 24گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 10کیس رپورٹ تعداد 194 ہو گئی  ہے ، پولی کلینک 45، کیپیٹل ہسپتال میں ڈینگی کے 25مریض زیر علاج ہیں ۔

  • امپورٹڈ حکومت عوامی خدمت میں ڈھیر این آر او لینے میں شیر نکلی،عمر سرفراز چیمہ

    امپورٹڈ حکومت عوامی خدمت میں ڈھیر این آر او لینے میں شیر نکلی،عمر سرفراز چیمہ

    وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کے مشیر اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے نیب ترمیمی بل 2022 کے تحت کرپشن کیسز ختم کیے جانے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت عوامی خدمت میں ڈھیر جبکہ این آر او لینے میں شیر نکلی۔ این آر او 2 کے تحت من پسند احتساب کی بندر بانٹ کے نتائج آنا شروع ہو گئے۔ سازش کے تحت اقتدار حاصل کر کے اپنے کیسز ختم کرنے کے مشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔  احتساب عدالتوں نے 50 سے زائد کرپشن کے ریفرنسز واپس کر دیئے۔ شریف برادران، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف سینیٹر سلیم مانڈوی والا سمیت ساری کرپٹ پی ڈی ایم قیادت کو کلین چٹ مل گئی۔

  • ایل این جی کی درآمد میں 3فیصد کمی ہو گئی

    ایل این جی کی درآمد میں 3فیصد کمی ہو گئی

    ملک میں ایل این جی کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے2ماہ میں سالانہ بنیادوں پر3 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے  اگست 2022 تک کی مدت میں ایل این جی کی درآمدات کاحجم 629 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایل این جی کی درآمدات پر651ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔ اگست 2022 میں ایل این جی کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر5 فیصد اورماہانہ بنیادوں پر73 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے، اعداد وشمار کے مطابق اگست میں ایل این جی کی درآمدپر399 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا جوجولائی میں 231 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اگست میں 380 ملین ڈالرتھا۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا انتظار مگر کتنا فرق آئے گا؟ وزیرخزانہ کا حیران کن مؤقف

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا انتظار مگر کتنا فرق آئے گا؟ وزیرخزانہ کا حیران کن مؤقف

    عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا انتظار ہے مگر  اس میں کتنا فرق آئے گا ، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے حیران کن مؤقف دیدیا۔

    نجی ٹی وی ” جیو نیوز “کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے  عوام کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے کہا کہ  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف 8 پیسے کا فرق آئے گا مگر اس سے متعلق حتمی فیصلہ آج ہوگا ،  ڈالر کی قیمت میں جلد کمی آئے گی مگر حکومت اس میں کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔

     وزیر خزانہ نے کہا کہ اکتوبر میں بجلی سستی ہو جائے گی ، 300 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کر دیے گئے ہیں ، ختم کئے گئے چارجز  آئندہ آنے والے مہینوں میں  لیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

  • کلرکہار میں موٹروے پر خوفناک حادثہ، ہلاکتیں

    کلرکہار میں موٹروے پر خوفناک حادثہ، ہلاکتیں

    موٹروے پر سالٹ رینج میں خوفناک حادثے میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے، 3 کی حالت تشویشناک ہے، دوسری جانب میاں چنوں کے قریب فرنس آئل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا۔

    موٹر وے پر حادثہ سالٹ رینج میں ٹریلر کی بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، ٹریلر میں ایک ہی فیملی کے افراد تھے جوکہ راولپنڈی سے گوجرہ جا رہے تھے، تمام افراد سرکس میں کام کرتے تھے اور راولپنڈی سے گوجرہ میلے پر جا رہے تھے۔ موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 نے تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ٹراما سنٹر ہسپتال کلرکہار منتقل کر دیا ہے۔

    دوسری جانب میاں چنوں میں 28 والہ موڑ کے قریب فرنس آئل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا، ٹریفک کی آمدروفت معطل ہوگئی، ریسکیو 1122 کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ کو ہرقسم کی آمدروفت کیلئے بند کردیا جس کے باعث آمدوروفت معطل ہوگئی ، ریسکیو اہلکاروں نے راستہ صاف کرنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔