افغان طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی نئی انتظامیہ کا اعلان ہفتے تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔
یہ بات افغان طالبان کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان کی نئی انتظامیہ کا اعلان آج جمعے کی نماز کے بعد متوقع تھا۔
اس سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے نے بتایا تھا کہ افغانستان کی نئی انتظامیہ کی تشکیل کے سلسلے میں ملا عبدالغنی برادر، ملا یعقوب اور شیر محمد عباس ستانکزئی سمیت مختلف اہم طالبان عہدے دار و رہنما افغان دارالحکومت کابل پہنچ چکے ہیں۔
طالبان عہدے دار کا یہ بھی کہنا ہے کہ دارالحکومت کابل میں افغانستان کی نئی حکومت کے اعلان سے متعلق تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ملا عبدالغنی برادر افغان حکومت کی سربراہی کریں گے، ملا محمد یعقوب اور شیر محمد عباس ستانکزئی کو حکومت میں اہم منصب دیئے جائیں گے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ طالبان رہنما ملا ہیبت اللّٰہ اخوند زادہ مذہبی معاملات اور گورننس پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔
Leave a Reply