بابر الیون شکست کا بدلہ چکانے کو تیار ، پاکستان آج شام 7 بجے پھر بھارت کے خلاف میدان میں اترے گا

Written by on September 4, 2022

ایشیاء کپ میں آج پھر پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گے جہاں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم شکست کا بدلہ چکانے کو تیار ہیں جبکہ بھارتی ٹیم  اپنی نفسیاتی برتری کو قائم رکھنے کیلئے زور لگائے گی ۔

 ایشیاء کپ میں آج پھر  پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں پنجہ آزمائیں گی ، آج کے میچ میں فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی میسر نہیں ہوں گے جو  ان فٹ ہونے کے باعث میدان کے باہر بیٹھ کر میچ دیکھیں گے ۔

خیال رہے کہ ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت 28 اگست کو بھی ٹکرا چکے ہیں جہاں سخت مقابلے کے بعد بھارتی ٹیم نے دو گیندیں قبل ہدف حاصل کر کے پاکستانی ٹیم کو شکست دی تھی ۔  بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے  ٹاس جیت کر  پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی ، قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز بھی پورے نہ کھیل پائی تھی اور 19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی ۔

وکٹ کیپر اوپنر محمد رضوان 43  ، کپتان بابر اعظم 10 ، فخر زمان 10، افتخار احمد 28، خوشدل شاہ دو ، شاداب خان  10 ، آصف علی 9،محمدنواز ایک ، نسیم شاہ صفر  اور شاہنواز دھانی  16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے صرف تین چھکے ہی لگائے جا سکے ، جن میں سے ایک محمد رضوان جبکہ دو چھکے شاہنواز دھانی نے جڑے ۔

دلچسپ مقابلے کے بعد بھارتی ٹیم نے 148 رنز کا ہدف 19.4 اوورز میں حاصل کیا ، اوپنر کے ایل راہول صفر ، کپتان روہت شرما 12  رنز بنا کر چلتے بنے ، ویرات کوہلی اور رویندرا جدیجہ نے 35،35 رنز بنائے ، سوریا کمار یادو نے 18 رنز بنائے ۔ہردیک پانڈیا 33 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے عوض 33  جبکہ نسیم شاہ نے 4 اوورز میں دو وکٹوں کے عوض  27 رنز دیے ۔شاہنواز دھانی نے 4 اوورز میں 29،حارث روٖ ف نے 35 جبکہ شاداب خان نے 19 رنز دیے مگر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist