پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) اور رفاہ انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے زیر اہتمام بلند فشار خون کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ایم ایس RIH ڈاکٹر علی طاہر رانا نے کی جبکہ مہمان خصوصی صدر پیما پنجاب ڈاکٹر شبیر احمد کلو تھے۔ اس موقع پر ماہر نفسیاتی امراض و جنرل سیکرٹری پیما پنجاب ڈاکٹر افتخار برنی نے بلند فشار خون کا تعارف، اسباب، اقسام، عوامل، محرکات، تشخیص، پیچیدگیوں اور علاج سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی 26 فیصد آبادی بلند فشار خون کے مرض کا شکار ہے جبکہ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں 18 فیصد سے زائد لوگ اس مرض میں مبتلا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آگاہی نہ ہونے کے سبب پچاس فیصد افراد میں اس مرض کی تشخیص ہی نہیں ہوتی جبکہ تشخیص کے بعد بھی صرف 13 فیصد لوگ اس کا علاج کرواتے ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ بلند فشار خون کے عوامل و محرکات اور علامتوں پر نظر رکھی جائے اور زندگی میں وہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں جس سے اس مرض سے بچاؤ میں مدد ملے۔ ان احتیاطی تدابیر میں صحت مند غذا کا استعمال، نمک ترک کرنا، وزن کی کمی، ورزش کی باقاعدہ عادت اور تمباکونوشی سے مکمل اجتناب شامل ہے۔
Leave a Reply