پاکستان میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، سراج الحق

Written by on September 18, 2022

 امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، روپیہ بے وقعت ہو گیا۔ پی ڈی ایم نے ماضی میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کیے، اقتدار میں آ کر عوام پر ظلم کی انتہا کر دی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں سیلابی صورت حال اور بحالی کے اقدامات کے جائزہ کے لیے ایک مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے. 

سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم معیشت کی تباہی کی ذمہ دار ہیں۔ بیڈگورننس اور تباہ کن معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہو رہے۔ سودی معیشت اور کرپشن نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا۔ حکمران سیاسی جماعتیں وڈیروں کے کلب ہیں، عام آدمی کو ان جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں سے بھلائی کی کوئی توقع نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام سے آئے گی، ملک اسلام کے نام پر حاصل ہوا، اسلام ہی اس کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ قوم کو لڑانے اور تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن حکمران جماعتیں حالات کی نزاکت کو جانتے ہوئے بھی خطرناک کھیل کھیل رہی ہیں۔ حکمرانوں نے تباہ کن سیلاب کے دوران بھی آپسی مفادات کے لیے جنگ جاری رکھی۔ حکمران آف شور کمپنیوں اور بیرون ملک بنکوں سے ذاتی اثاثے اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں۔

سراج الحق کے مطابق ایک ایجنڈے کے تحت عوام کو مکمل طور پر آئی ایم ایف کی غلامی میں دھکیل دیا گیا۔ استعماری طاقتیں پاکستان کے فیصلے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ملک میں نافذ کرتی ہیں۔ قوم اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرے، مافیاز سے نجات کے لیے جدوجہد کرنا ہر محب وطن شہری پر لازم ہو گیا۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist