وزیر اعظم شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے دورے کیلئے کوئٹہ پہنچے جہاں وزیر اعظم کو ضلع کچھی میں سیلاب متاثرہ روڈ اور ریلوے انفرا سٹرکچر کی بحالی پر بریفنگ دی گئی ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ، وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی میں بہتر کام کریں گے،وزیراعظم شہبازشریف نے انفراسٹرکچر کی بحالی کے کام کو سراہا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہوگئے، لوگوں کے مال مویشی بہہ گئے،فصلیں تباہ ہو گئیں، سب لوگوں نے محنت کی انہیں شاباش دیتا ہوں،متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب سے پورے ملک میں تباہی پھیلی ہے، امید ہے تمام امور احسن انداز سے مکمل ہوں گے، چند دنوں بعد میں ایک بار پھر فضائی جائزہ لوں گا ۔وزیر اعظم نےبحالی کے کام میں مصروف مزدوروں کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔
بعد ازاں بی بی نانی پل کا دورہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ شہراہوں اور ریلوے ٹریک کا مجموعی طور پر جائزہ لے رہے ہیں ، ان کی بحالی اور مرمت کیلئے کام کرنا ہوگا، اداروں کا عزم قابل ستائش ہے ، وہ قوم کی خدمت میں پیش پیش ہیں ، موسمی تبدیلی کی وجہ سے سیلاب کی تباہی سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہوئے ہیں ، بد قسمتی سے 400 بچے جاں بحق ہوئے جو مجموعی تعداد کا ایک تہائی ہیں ، ان بچوں کی جان بچانے کیلئے یونیسیف اور دیگر عالمی اداروں سے مدد کی اپیل کرتا ہوں ۔
وزیر اعظم نے بی بی نانی پل کی تعمیر کرنے والے مزدوروں کیلئے بھی 30 لاکھ کے انعام کا اعلان کیا ۔
Leave a Reply