پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ سیلاب میں حکومتوں کی مدد کیلئے نوجوانوں کی فورس تیار کر رہے ہیں، ہمیں آج کل کہا جا رہا ہے کہ سیلاب آیا ہوا ہے۔ فکر نہ کرو سیلاب میں عمران خان ، اس کی ٹیم اور اس کی حکومتیں وہ کام کریں گی جو تم ساری زندگی لگے رہو تو نہیں کر سکتے۔ وہ اس وقت سیاست نہیں کر رہے بلکہ حقیقی آزادی کی جدو جہد کر رہے ہیں جو سیلاب اور جنگ میں بھی جاری رہے گی۔
جہلم میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے سیلاب کے حوالے سے کہا کہ یہ جو امتحان ہے اس سے قوم مل کر لڑتی ہے۔ حکومتیں جتنی بھی کوشش کر لیں جب تک قوم اکٹھی نہیں ہوتی اس طرح کے امتحان میں ہم پاس نہیں ہو سکتے۔ وہ قوم سے کہنا چاہتے ہیں کہ ہم سب نے مل کر اس صورت حال کا سامنا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کی ایک بڑی ٹائیگر فورس تیار کر رہے ہیں جو حکومتوں کی مدد کرے گی، یہ نوجوان ان علاقوں میں جائیں گے جو پانی کے نیچے ہیں۔اس کے علاوہ وہ پیر کی شام کو ٹیلی تھون ٹرانسمیشن کے ذریعے پاکستان اور بیرون ملک سے سیلاب زدگان کیلئے فنڈز اکٹھے کریں گے جو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو دیے جائیں گے، ان فنڈز کو ڈاکٹر ثانیہ نشتر دیکھیں گی اور جہاں ضرورت ہوگی وہاں فنڈز مہیا کریں گی۔
عمران خان نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’اخباروں میں بڑے بڑے اشتہار چھپ رہے ہیں کہ اس وقت سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ جلسے نہیں کرنے چاہئیں۔ کان کھول کر سن لو ضمیر فروش صحافیو، میں سیاست نہیں کر رہا بلکہ حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہا ہوں، سیلاب کے اندر بھی یہ جدوجہد رہے گی، جنگوں میں بھی یہ جاری رہے گی اور اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہمیں حقیقی آزادی نہیں مل جاتی۔‘
انہوں نے حکومتی اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیلاب میں عمران خان ، اس کی ٹیم اور اس کی حکومتیں وہ کام کریں گی جو تم ساری زندگی لگے رہو تو نہیں کر سکتے۔تمہارے لیے تو کوئی پیسے دینے کو تیار نہیں ہے کیونکہ تمہارا تو چوری کا سارا پیسہ باہر پڑا ہے۔ نواز شریف، شہباز شریف اور فضل الرحمان اور آصف زرداری سن لیں کہ ہماری جدوجہد ہر موسم میں چلے گی۔
Leave a Reply