سعودی وزارت داخلہ نے حرمین شریفین کے علاوہ بند مقامات میں ماسک کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا
Written by Prime FM92 on June 14, 2022
سعودی وزارت داخلہ نے کورونا کی شرح میں کمی اور ویکسین شدہ افراد کی شرح میں اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئےکورونا کی احتیاطی تدابیر میں مزید نرمی کرتے ہوئے حرمین شریفین کے علاوہ بند مقامات(اِن ڈور) میں ماسک کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ’تجارتی و سرکاری اداروں کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ اور جہازوں میں سوار ہونے کے لیے توکلنا میں سٹیٹس دکھانے کی پابندی بھی ختم کی جارہی ہے۔ ’اس فیصلے سے استثنیٰ صرف ان نجی و سرکاری اداروں کو ہوگا جن کے کام کی نوعیت ایسی ہو جہاں داخلے کے لیے ویکسین کی خوارکیں مکمل کرنے کا ثبوت پیش کرنا ضروری ہے‘۔
وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا کے انسداد کے لیے کام کرنے والے اداروں کی تجویز پر غور کرنے کے بعد حفاظتی تدابیر میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ ’مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے علاوہ تمام بند مقامات میں ماسک کی پابندی ضروری نہیں رہی۔‘ ’اس فیصلے سے استثنیٰ صرف ان اداروں یا پبلک ٹرانسپورٹ یا تقریب گاہوں کو ہوگا جو حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔‘
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’سعودی شہری جو بیرون ملک جانا چاہتے ہوں، ان کے لیے کورونا کی تیسری خوراک کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے۔ پہلے ضروری تھا کہ دوسری خوراک کے تین ماہ بعد تیسری خوراک لی جائے، اب یہ مدت 8 ماہ کر دی ہے کہ دوسری خوراک کے 8 ماہ کے بعد تیسری خوراک لینا ضروری ہے۔’اس فیصلے سے صرف ان لوگوں کو استثنیٰ حاصل ہے جنہیں وزارت صحت نے اجازت دے رکھی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’کورونا کے انسداد کے لیے معاشرے کے تمام افراد کے لیے ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنا ضروری ہے۔ علاوہ ازیں نرمی کے باوجود ذاتی طور پر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا بڑی اہمیت رکھتا ہے۔‘ وزارت نے کہا ہے کہ ’تمام فیصلوں پر وقفے وقفے سے نظرثانی ہوتی رہے گی۔