ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

Written by on May 22, 2022

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

آپ کو کافی دنوں سے جن مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا تھا، اب ان میں بحکم اللہ نمایاں کمی آنا شروع ہو گئی ہے، امید ہے کہ جلد ان سے نجات حاصل کر لیں گے ،زندگی کا ایک خوبصورت سفر شروع ہونے والا ہے۔ آپ خود کو ذہنی طورپر اس کے لئے تیار کر لیں۔ کسی وقت بھی اس حوالے سے خوشخبری ملنے والی ہے ،مگر اس سفر میں بہت سے پرانے چہرے اب آپ سے دور ہونے والے ہیں۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

جن افراد کو عرصہ دراز سے بندش یا اور کسی بھی قسم کے اثرات کا سامنا تھا ،وہ ان شاءاللہ اس ہفتے ان سے نجات حاصل کر سکیں گے اور دن بدن اپنے مقاصد میں بہتری حاصل کریں گے۔ جو لوگ نیا کام شروع کرنا چاہتے ہیں، وہ جلدی کریں اور قدم اٹھالیں۔ کاروباری افراد بھی مزید سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، روزگار کے متلاشی بھی اسی ہفتے، اللہ نے چاہا تو خوشخبری سن سکیں گے ،اب بہتری ہی بہتری ہے۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

حالات پہلے بڑے نازک تھے، مگر اب صورت حال قدرے بدل رہی ہے اور آپ کے حق ہونا شروع ہو گئی ہے۔ اس ہفتے آپ بڑے واضح انداز میں کئی چیزوں کو بہتر اور بدلتا ہوا دیکھیں گے۔ آپ کو محنت کرنا ہے اور کسی بھی قسم کی آفر کو اپنے ہاتھوں سے نہیں جانے نہیں دینا۔ جو لوگ حکمت عملی سے چلیں گے، وہ اپنے لئے بڑے فائدے حاصل کر سکیں گے اور جن لوگوں نے فضول کاموں کو نہیں چھوڑا وہ بہت پچھتائیں گے۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

آپ کو اب خود کو بدلنے کی اشد ضرورت ہے، عمر کے حساب سے چلنا ہوگا اور رسک لے کر اپنی اور گھر والوں کی زندگی کو سکون دینا ہوگا، پہلے ہی بڑا وقت برباد کر چکے ہیں۔ اب پہلے جیسے حالات بھی نہیں ہیں، اکیلے ہوتے جا رہے ہیں اور اگر اسی طرح چلتے رہے تو مکمل طور پر اکیلے رہ جائیں گے۔ غصہ بھی قابو میں رکھنا ہوگا اور جیسا سلوک لوگ آپ کے ساتھ کرتے ہیں، اسی طرح کا سلوک آپ بھی کریں، تب ٹھیک ہوگا۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

جو لوگ کافی عرصے سے بیماری وغیرہ کا سامنا کر رہے ہیں ان شاءاللہ اب وہ جلد ہی اس سے نکل جانے میں کامیاب ہوں گے۔ آپ کی جو بھی پریشانیاں ہیں، وہ اب تیزی سے ایک ایک کر کے ختم ہوں گی،روزگار کے مواقع بھی نصیب ہوں گے، بس اپنے معاملات کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے جو کہ آپ کرنا نہیں چاہتے۔ اب حالات کے مطابق چلیںجو لوگ حسد کرتے ہیں، ان سے دور رہیں، زندگی میں جو اچھے مواقع مل رہے ہیں وہ دوبارہ نہیں ملیں گے۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

آپ ذہنی طور پر آج کل پریشان ہیں اور اس کی کوئی خاص وجہ بھی نہیں ہے ،مگر دماغ میں چکر رہتے ہیں، درد سا بھی محسوس کرتے ہوں گے۔ یہ کیفیت شاید ابھی چند دن اور چلے، آپ بس صبر سے کام لیں، اللہ نے چاہا تو جلد مشکل سے نکل جائیں گے، صدقہ دیں اور روزگار کے حصول کے لئے قدم اٹھائیں، امید ہے کہ روز گار کے حوالے سے یہ ہفتہ بڑا شاندار ثابت ہوگا۔ آپ کی مالی پوزیشن بھی مضبوط ہونے جا رہی ہے۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

ذہنی طور پر خود کو کسی جکڑن میں محسوس کر رہے ہیں، یہ کیفیت کافی دنوں سے جاری ہے، اس کی وجہ شاید ان لوگوں سے دوری یا جھگڑا ہو سکتا ہے، جن کے لئے آپ نے اپنی زندگی کو وقف کر رکھا تھا۔ اب پہلے جیسی صورت حال نہیں آئے گی، آپ کو اکیلے ہی زندگی کی یہ جنگ لڑنا ہو گی، اللہ نے چاہا تو کامیابی بھی ملے گی۔ آپ خود ہی حسد کرنے والوں سے دور ہو رہے ہیں، اب تیزی سے زندگی میں اپنے مقاصد کو پا لیں گے۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

آپ خود کسی کے کہنے پر اپنا راستہ ہرگز نہ بدلیں، لوگ نہیں چاہتے کہ آپ ترقی کریں، آپ ٹھیک راستے پر ہیں اور اگر محنت سے چلیں گے تو اس میں بڑی شاندار کامیابیاں ملیں گی، جو لوگ عرصہ دراز سے بے روز گار تھے، وہ اب غیر متوقع جگہ پر کام پر لگ جائیں گے اور جن رکاوٹوں اور مشکلات کا سامنا ہے،وہ تیزی سے ختم ہوں گی ،اس ہفتے سفر کے حوالے سے بھی اچھی خبریں ملنے کا واضح امکان موجود ہے۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

لالچی قسم کے لوگ آپ کے اردگرد موجود ہیں، آپ ان سے جس قدر ممکن ہو سکے دور ہو جائیں اور جن لوگوں نے کوئی بھی کام کرنا ہے، وہ جب تک اپنے مقصد کو پا نہ لیں ،کسی سے اس کا ذکر مت کریں۔ ورنہ حسد کا شکار ہو سکتے ہیں، ان دنوں مالی طور پر جو پریشانیاں محسوس کی جا رہی ہیں، وہ ان شاءاللہ جلد ختم ہوں گی، صرف دو تین یوم انتظار کر لیں۔ روز گار میں اب نئی پیش رفت اور بہتری کا امکان موجود ہے۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

روزگار کے حوالے سے پریشان نہ ہوں جس مالک نے پیٹ لگایا ہوا ہے، اس نے اسے بھرنے کا بندوبست بھی کیا ہوا ہے۔ آپ فکر مند ہو کر کیا کر لیں گے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا فرمان ہے کہ رزق انسان کو ایسے تلاش کرتا ہے، جیسے مرنے والے کو موت…. پھر کیسی مشکل، بس تھوڑا سا صبر کر لیں، حالات ایسے بدلیں گے کہ بے ساختہ اس کا شکر ادا کرنے پر مجبور ہوں گے۔ آپ کا ستارہ ان دنوں بڑی تیزی سے بہتری کی جانب جا رہا ہے۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

آپ کو اندازہ ہے کہ آپ کیا کر رہے ہیں، کس طرف جا رہے ہیں؟ اگر راستہ غلط ہوا تو پھر کیا کریں گے؟ اس لئے آئندہ کے نقصان سے بچنے کے لئے استخارے سے مدد لے لیں گے مناسب رہے گا۔ جو لوگ عرصہ دراز سے بندش میں مبتلا ہیں، ان کے لئے خاص طور پر ایسا کرنا بہتر رہے گا اور جو لوگ رشتہ وغیرہ کرنا چاہتے ہیں یا اس کی تلاش میں ہیں، ان شاءاللہ ان کے لئے یہ ہفتہ بحکم اللہ بڑی خوشخبری بھی لا رہا ہے۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

اللہ نے چاہا تو یہ ہفتہ آپ کے بے شمار معاملات میں بہتری لائے گا، آپ گزشتہ کئی دنوں سے جن پریشانیوں میں گھرے ہوئے تھے،ان سے نجات ملے گی۔ بس اپنے گھر والوں کا خاص خیال رکھیں، آپ کی لاپروائی سے کئی لوگ پریشان ہیں، ان کی ذمہ داری آپ نے پوری کرنی ہے، بس نہیں بھی چل رہا تو صرف اللہ پاک سے مدد طلب کریں۔ راستے کھلتے چلے جائیں گے، وہ تو صرف بندے کی نیت دیکھتا ہے۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist