کراچی سے مبینہ اغوا ہونے والی دعا زہرہ کی عمر کے تعین کیلئے بون ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ
Written by Prime FM92 on April 26, 2022
کراچی سے مبینہ اغوا ہونے والی دعا زہرہ کی جانب سے مرضی سے شادی کرنے کا بیان سامنے آنے کے بعد عمر کے تعین کیلئے بون ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
نجی ٹی وی نیو زکے مطابق دعا زہرہ کی عمر کے تعین کیلئے بون ٹیسٹ کیا جائے گا اور دعا زہرہ کو پنجاب کی عدالت میں بھی پیش کیا جائے گا ۔پنجاب کی عدالت میں پیشی کے وقت کراچی کا تفتیشی افسر دعا کے ہمراہ ہو گا،دعا کو تحویل میں لینے کیلئے اے وی سی سی ٹیم لاہور روانہ کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس نے آخر کار کراچی کے علاقے گولڈن ٹاون سے لاپتا ہونے والی لڑکی دعا زہرہ کو ڈھونڈ نکالا ، جس کے بعد انکشاف ہوا کہ وہ اپنی مرضی سے لاہور آئی ہے اور اس نے ظہیر نامی نوجوان لڑکے سے نکاح کر لیا ہے۔
لاہور پولیس کی جانب سے بعدازاں دعا زہرہ کا ریکارڈ کیا گیا بیان بھی جاری کیا گیا جس میں انہوں نے زبردستی شادی سے بچنے کیلئے یہ قدم اٹھانے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ اس کے گھر والے اس کے کزن زین العابدین کے ساتھ زبردستی نکاح کرنا چاہتے تھے۔